غلط حکومتیپالیسیوں کی وجہ سے ایکسپورٹ مصنوعات میں مسلسل کمی کا رجحان

گزشتہ سہ ماہی میں 2014-15ء کی نسبت سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 39 فیصد کمی

جمعرات 12 نومبر 2015 14:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء) غلط حکومتیپالیسیوں کی وجہ سے ایکسپورٹ مصنوعات میں مسلسل کمی کا رجحان جاری‘ آن لائن کے مطابق گزشتہ سہ ماہی میں 2014-15ء کی نسبت سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 39 فیصد کمی جبکہ چاول کی ایکسپورٹ میں 7 فیصد اسی عرصہ کے دوران ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال 2014-15ء میں سیمنٹ کی جولائی تا ستمبر ایکسپورٹ کی مالیت 14 کروڑ 28 لاکھ ڈالر تھی جبکہ اس سال 2015-16ء میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ کی مالیت کمی ہونے کی وجہ سے 8 کروڑ 77 لاکھ ڈالر تک رہی اس طرح رواں سال ایکسپورٹ کی مقدار 15 لاکھ 30 ہزار میٹرک ٹن جبکہ گزشتہ برس یہ مقدار 24 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن تھی۔

آن لائن کو محکمہ شماریات کے ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح چاول کی ایکسپورٹ میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

2014-15 میں چاول کی ایکسپورٹ کی مالیت 36 کروڑ 27 لاکھ ڈالر ہے جبکہ اس سال 2015-16 میں 7 فیصد کم ہو کر 33 کروڑ 69 لاکھ ڈالر کی ایکسپورٹ ہوئی جبکہ ایکسپورٹروں کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ایسی مصنوعات جو ایکسپورٹ کی جا رہی تھیں اس میں کمی کا رجحان مسلسل جاری ہے حکومت کی طرف سے بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ ایکسپورٹروں کو مراعات نہ ملنے کی وجہ سے کمی کا رجحان جاری ہے جبکہ پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک بھارت‘ بنگلہ دیش مسلسل اپنے ایکسپورٹروں کو مختلف مد میں سبسڈی دے کر نہ صرف اپنی ایکسپورٹ میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ بے روزگاری کے خاتمے کے لئے کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

ایکسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک بھر کے مختلف مصنوعات کے ایکسپورٹروں کو سبسڈی دینے کا سلسلہ شروع کرے اگر حکومت نے ایسا نہ کیا تو آئندہ سال تک مزید مصنوعات میں کمی ہونے کا اندیشہ ہے۔