ویسٹ انڈیز نے سری لنکن ٹور میں پہلی فتح حاصل کرلی

جمعرات 12 نومبر 2015 14:19

ویسٹ انڈیز نے سری لنکن ٹور میں پہلی فتح حاصل کرلی

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 نومبر۔2015ء)ویسٹ انڈین ٹیم دورہ سری لنکا میں پہلی فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 23 رنز سے جیت لیا۔سیریز ایک ایک سے برابر کردی۔ آل راونڈ پرفارمنس پر ڈوین براوو میچ اور تلکارتنے دلشان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔سری لنکن ٹور میں ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بھی ناکامی ہوئی۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹاس جیت کر ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

ان کی ٹیم نے بیس اوورز میں چھ وکٹیں کھوکر اسکور بورڈ پر ایک سو باسٹھ رنز کا مجموعہ سجایا۔دنیش رام دین اورجونسن چارلس نے چونتیس چونتیس رنز بنائے۔ڈوین براوو نے اکتیس رنز اسکور کئے۔سری لنکا کے کپتان لاستھ مالنگا اورسری وردنے نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں میزبان سری لنکن ٹیم آخری گیند پر ایک سوانتالیس رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ان فارم تلکارتنے دلشان نے باون اور شیہان جے سوریا نے تیس رنز بنائے۔مین آف دی میچ ڈوین براوو نے بیٹنگ کے بعد بولنگ کے جوہر بھی دکھائے اوراٹھائیس رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کیں۔ دلشان سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔