درگئی مالاکنڈ ایجنسی میں چیک پوسٹ کے قریب چھ رویہ سڑک آئندہ سال جون میں مکمل ہو جائے گی

وفاقی وزیر سیفران کا ایوان بالا مین جواب

جمعرات 12 نومبر 2015 14:33

اسلام آباد ۔12نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ درگئی مالاکنڈ ایجنسی میں چیک پوسٹ کے قریب سڑک کا کام اگلے سال جون میں مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر احمد حسن کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ این 55 مصروف ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے اور اس سے روزانہ 20 ہزار گاڑیاں گزرتی ہیں۔

سوات آنے جانے والی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے سیکیورٹی فورسز نے اس مقام پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی ہے۔ متعلقہ اداروں کی باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا گیا تھا کہ دو چیک پوسٹوں کے درمیان چھ رویہ سڑک تعمیر کی جائے تاکہ اضافی چیک پوسٹوں سے گاڑیوں کا بہاؤ بہتر رہے۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹھیکہ 2014ء میں مکمل کرلیا گیا تھا باقی اضافی کام اگلے سال مکمل کرلیا جائے گا۔