سکول جانے والے بچوں کی صحت انتہائی اہم مسئلہ ہے ،اس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے،صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان

جمعرات 12 نومبر 2015 19:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سکول جانے والے بچوں کی صحت انتہائی اہم مسئلہ ہے اوراس پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے لہذا پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت اس سلسلے میں عملی اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 30ہزار سرکاری سکولوں کے بچوں کو بہتر صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے منصوبے پر 43ارب روپے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا ہے اورپہلے مرحلے میں اس کے لئے 10ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے دن پشاور میڈیکل کالج میں ـ"خیبر پختونخوا کے سکول جانے والے بچوں کے ذہنی مسائل"کے موضوع پر پرائم انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے زیر اہتمام منعقدہ ہیلتھ پالیسی فورم سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

فورم سے دوسروں کے علاوہ پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق، ڈاکٹر احسان الحق،ڈاکٹر سعید انور،ڈاکٹر عقیل رضا اور ڈاکٹر فضل ذیشان نے بھی خطاب کیا اور موضوع پر کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے سکول جانے والے بچوں کے ذہنی مسائل سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور اس سلسلے میں اساتذہ کو خصوصی تربیت دینے پر زور دیا۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور قوموں کی ترقی کی بنیاد میگا پراجیکٹس ،بڑی بڑی عمارات یا سڑکیں نہیں بلکہ تعلیم ہے او ر قوموں کا عروج و زوال تعلیم ہی سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی بھرتیوں اور سزا و جزا کا نظام نہ ہونے سے تعلیم کا نظام انحطاط کا شکار ہے اورہماری تمام تر توجہ تعلیمی نظام کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنے پر ہے۔

عاطف خان نے کہا کہ ہم تعلیمی نظام کو اپ گریڈ کر رہے ہیں اور بہتری کی جانب گامزن ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں پہلی دفعہ پرائمری سکول دو کمروں کی بجائے چھ کمروں،سٹاف روم اور پرنسپل آفس پر مشتمل ہو گا اور آئندہ ہر سکو ل کیلئے پلے ایریا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سکولوں میں بھی پلے ایریا بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں پانچ ہزار سکولوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ آ?ٹ آف سکول بچوں کو سکول لانے اور شرح داخلہ بڑھانے کیلئے سروے کرنے کی غرض سے تعلیمی بجٹ میں فنڈز رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا استعداد کار بڑھانے کیلئے بھی 80کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے شرکاء سے کہا کہ بچوں کے ذہنی مسائل کے حل کے لئے ماہرین کی قابل عمل تجاویز کا خیر مقد م کیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :