نوجوان نسل کو علامہ اقبال کے کلام سے آگاہ کرنا بہت ضروری ہے،خواتین حضرت فاطمہؓ کی سیرت اپنائیں

وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراﷲ کا بیت بازی کے مقابلے کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 نومبر 2015 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفراﷲ خان نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کے پیغام کو سمجھتے ہوئے نئی نسل کی خواتین اپنی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے حضرتِ فاطمہ الزہراؓ کی سیرت کو اپنائیں جبکہ ہمارے نوجوان طارق بن زیاد جیسے جرنیلوں کی پیروی کرتے ہوئے وقت کے طوفانوں سے ٹکراجانے کا حوصلہ پید اکریں ،اقبال صرف ایک شخصیت نہیں ایک جذبے ، نظریے اور پیغام کا نام ہے،جس کو سمجھ کر ہم اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکتے ہیں اور نئی نسل کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود کو اقبال کے افکار کے سانچے میں ڈھالے ۔

وہ نظریہ پاکستان کونسل کے تحت ایوانِ قائد فاطمہ جناح پارک میں طلبہ و طالبات کے مابین کلامِ اقبال پر مبنی بیت بازی کے مقابلے میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام ہفتہ تقریباتِ اقبال کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔بیرسٹر ظفراﷲ نے کہا کہ طلبا و طالبات میں کلامِ اقبال سے دلچسپی اور رغبت دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے کیونکہ اس سے پیغامِ اقبال کے تفہیم میں اضافے کا تاثر ملتاہے، جو ہمیں ایک محفوظ اور پائیدار مستقبل کی ضمانت دے سکتا ہے۔

اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے معروف تجزیہ نگار اور کونسل کی مجلس عاملہ کے سینئر رکن کنور محمد دلشاد نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتی ہیں اور کونسل کی آج کی تقریب بھی اس بات کی غماز ہے کہ نئی نسل میں اقبال سے محبت کا شعور فروغ پا رہا ہے۔ اس مقابلے میں راولپنڈی /اسلام آباد کے 14تعلیمی اداروں نے حصہ لیا جن میں آئی ایم سی جی I-8/3نے اول ، فیڈرل کالج آف ایجوکیشن نے دوئم اور آئی ایم سی جی ایف10/2نے تیسری پوزیشن حاصل کی، مقابلے میں منصفین کے فرائض معروف اہل قلم نازیہ شکور ناز ، آفتاب ضیاء ، شازیہ اکبر اور وفا چشتی نے انجام دیئے جبکہ کونسل کی طرف سے انجم خلیق نے میزبانی کے فرائض اداکئے ۔

متعلقہ عنوان :