بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونیوالوں سے جعلسازی کے ذریعے رقم بٹورنے والے گروہ کے 3ملزمان گرفتار ،

جمعرات 12 نومبر 2015 20:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 نومبر۔2015ء) ایف آئی سے سائبر کرائم سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں سے جعلسازی کر کے رقم بٹورنے والے گروہ کے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا ، ملزمان کے قبضے سے بھاری نقدی ، شناختی کارڈز کی کاپیاں ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیبٹ کارڈز برآمد کر لیے گئے جبکہ ملزمان کے ساتھ ملوث بنک کے عملے اور پروگرام کے لوگوں کے خلاف بھی محکموں کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ۔

بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے دیپالپور میں کارروائی کرتے ہوئے 3ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والوں کے ڈیبٹ کارڈ کو بنک کے عملے کے ساتھ مل کر بلاک کرواتے تھے جس کے بعد متاثرہ افراد کا ڈیٹا چوری کر کے بنک اور پروگرام کے لوگوں کے ساتھ مل کر رقم نکلواتے تھے ۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان سے بھاری نقدی ، شناختی کارڈز کی کاپیاں ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈیبٹ کارڈز برآمد کر لیے گئے ۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل شاہد حسن کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اب تک لوگوں سے لاکھوں روپے بٹور لیے ہیں اور اب متاثرہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے ۔ اس کے ساتھ بنک عملے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لوگوں کے بھی اس میں ملوث ہونے بارے ان کے محکموں کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے ۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جس کے بعد گروہ کے دیگر ارکان کو بھی گرفتار کیا جائیگا ۔