اڑھائی برسوں میں حکومتی کارکردگی سوالیہ نشان کے علاوہ کچھ نہیں ،صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا ‘عبدالعلیم خان

گورننس کے ایشوز زبان زد عام ہیں ،حکمرانوں نے ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے قومی ترجیحات کا بھی خیال نہیں رکھا ‘پولیٹیکل ایڈوائزر

جمعرات 12 نومبر 2015 20:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء )چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ گذشتہ اڑھائی برسوں میں حکومتی کارکردگی سوالیہ نشان کے علاوہ کچھ بھی نہیں ،عملی طور پر وہ اقدامات نہیں ہوئے جو وقت کا تقاضا تھے اور رسمی اجلاسوں کے ذریعے کا م چلایا گیا خود وفاقی وزراء ایک دوسرے کی ٹانگ کھینچنے میں مصروف ہیں انہوں نے کہا کہ قومی حالات کے تنا ظر میں اب صرف بیانات سے کام نہیں چلے گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کے گورننس کے ایشوز زبان زد عام ہیں جن کے بارے میں میڈیا اور عدالتوں کے ذریعے بھی اکثر و بیشتر نشان دہی ہوتی رہتی ہے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ملکی سلامتی اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہیں اور اگر سول حکومت اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہ کرے تو یہ کسی المیے سے کم نہیں ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کے تحفظ کیلئے قومی ترجیحات کا بھی خیال نہیں رکھا وزیر اعظم نواز شریف کو سب سے زیادہ فکر بھارتی حکومت سے تجارتی روابط بڑھانے اور تحائف کے تبادلوں کی تھی ،انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے برابری کی سطح پر دو طرفہ تعلقات کے فروغ کا کوئی مخالف نہیں لیکن اس کیلئے قومی مفادات کی قربانی نہیں دی جا سکتی ،عبدالعلیم خان نے پارٹی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی سے ملک میں ایک مرتبہ پھر سیاسی عدم استحکام دکھائی دے رہا ہے ، انتہائی تجربہ کار ہونے کا دعوی کرنے والوں نے دوبارہ نا پختگی کا ثبوت دیا ہے اور حکومت نے جوابی پریس ریلیز جاری کر کے اپنی ناکامیوں کا اعتراف کر لیا ہے ،انہوں نے کہا کہ غیر جانبدار قومی اور عالمی ادارے پہلے ہی حکومتی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں اس کے جواب میں حکمران آئیں بائیں شائیں کر کے توجہ اصل مسئلے سے ہٹانا چاہتے ہیں ،عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی بلا واسطہ طور پر سیاسی استحکام سے منسلک ہے جس کا موجودہ دورہ حکومت فقدان پایا جاتا ہے ۔