قبائلی علاقہ جات میں متاثرین کی باعزت واپسی کا عمل اگلے سال کے وسط تک مکمل ہوجائیگا ،سردارمہتاب احمد خان

ترکی اور پاکستان کی دوستی پر فخرہے ،ہر گزرتے وقت کیساتھ دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے،،گورنرخیبرپختونخوا

جمعرات 12 نومبر 2015 21:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) خیبرپختونخوا کے گورنرسردار مہتاب احمدخان نے کہاہے کہ فاٹا میں متاثرین کی واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور اگلے سال کے وسط تک تمام ٹی ڈی پیز کی باعزت واپسی کاعمل مکمل ہوجائیگا۔ فاٹامیں 17 لاکھ متاثرین میں سے 7 لاکھ افراد اپنے اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے متاثرین کے علاقوں میں ان کی باعزت واپسی کے ساتھ ان علاقوں کی سیکورٹی ، بحالی اور تعمیر نو کا عمل مکمل کیاجائیگا۔

ترکی اور پاکستان کی دوستی پر ہمیں فخرہے اور ہر گزرتے وقت کے ساتھ ہماری دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔ انہوں نے ترکی کے قومی دن کے موقع پر ترک عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ مشکل کی ہرگھڑی میں ترک حکومت اور عوام نے ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیا جو ہماری دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کے روز برادر ملک جمہوریہ ترکی کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

تقریب میں پاکستان میں متعین ترکی کے سفیر صادق بابرگرجن نے بھی خطاب کیا جبکہ سلیم سیف اﷲ خان نے گورنر اور دیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ پشاور میں امریکی قونصل جنرل ویلیم مارٹن سمیت صوبہ بھر سے سیاسی وسماجی شخصیات، اراکین پارلیمنٹ اور اہل دانش بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر گورنرنے ترک سفیر کے ہمراہ ترکی کے قومی دن کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ قبائلی علاقہ جات میں متاثرین کی باعزت واپسی کا عمل اگلے سال کے وسط تک مکمل ہوجائیگا اور حکومت کی اولین کوشش ہے کہ ان علاقوں کی تعمیر نو اور بحالی سمیت انہیں قومی دھارے میں لایاجائے اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام اور ہماری سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں سے خطے میں امن لوٹ آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ قبائلی عوام نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کی خاطر قربانیاں دیں اور اپناگھر بار چھوڑا اور ان کی یہ قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ فاٹامیں 17 لاکھ متاثرین میں سے 7 لاکھ افراد اپنے اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں اور متعلقہ اداروں کے باہمی اشتراک سے متاثرین کے علاقوں میں ان کی باعزت واپسی کے ساتھ ان علاقوں کی سیکورٹی ، بحالی اور تعمیر نو کا عمل مکمل کیاجائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ ترکی نے ہرمشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا خواہ وہ زلزلہ یا سیلاب کی تباہ کاریاں ہوں، ترکی ہماری مدد کیلئے سب سے پہلے موجود تھا جو ہماری بے لوث محبت اور دوستی کا منہ بولتاثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :