شفافیت کی دعویدارصوبائی حکومت کا چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے ، سینیٹر حافظ حمداﷲ

جمعرات 12 نومبر 2015 21:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء و سینیٹر حافظ حمداﷲ نے کہا ہے کہ شفافیت کے دعویدارصوبائی حکومت کا چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے میرٹ کے دعویدار حکومت کے قیام سے لیکر آج کی تاریخ تک محکمہ تعلیم ‘محکمہ صحت ‘محکمہ زراعت‘محکمہ فنانس اوردیگر محکموں میں ایس این ای اور وزیراعلیٰ کے ڈائریکٹو کے تحت پیدا کردہ آسامیوں اور تعیناتیوں کی تفصیلات پبلک کریں تاکہ حقائق عوام کو معلوم ہوسکیں۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ملازمین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی‘انہوں نے کہاکہ پریشان کن ہے کہ صوبائی حکومت نے چیف سیکرٹری بلوچستان کے آفس کو بائی پاس کرتے ہوئے مختلف محکموں میں آسامیاں پیدا کی وہ خلاف قانون و آئین ہے اس کی قانونی کوئی حیثیت نہیں لیکن پھر بھی میرٹ کا نعرہ بلند کرکے نوجوانوں کے جذبات و احساسات کو مجروح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ قوم پرستی کے بجائے پیٹ پرستی سے محبت کو ظاہر کرتی ہے انہوں نے کہا کہ جس طرح محکمہ تعلیم جس کو موجودہ صوبائی حکومت نے اپنی ترجیحات میں روز اول سے بیان کیا لیکن بدقسمتی سے نہ تو وہ ترجیح دے سکے نہ ہی وہ ایمرجنسی نافذ کرسکیں جس کے انہوں نے دعوے کیے تھے اگر کیا تواتنا کہ اس کو محکمہ برائے روزگار بنادیا ہے ایک کثیر تعداد میں قانونی طریقوں کو نظر اندا ز کرتے ہوئے ایک ہی ڈائریکٹو پر سینکڑوں لوگوں کو بھرتی کردیاگیا جو کہ اس بات کی دلیل ہے کہ نہ ہی ان کو تعلیم ہی سے محبت ہے اور نہ ہی عوام سے اگر ہے تو اپنے مفادات سے ہے جس کیلئے وہ سرکاری آفسز کو استعمال کرتے ہوئے اپنوں کو نواز نے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے انہوں نے چیف سیکرٹری مطالبہ کیا کہ وہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں پیدا شدہ آسامیوں کے تفصیلات طلب کریں اور حکومت اگر حقیقتاً اپنے قول و فعل میں تضاد نہیں رکھتی تو تعیناتیوں اور پیدا کردہ آسامیوں کی تفصیلات پبلک کریں۔