علامہ اقبال عظیم شاعر، فلسفی اور مفکر تھے ، اپنی شاعری کی بدولت مسلمانوں کو خواب غفلت سے جگایا ، ڈاکٹر رائے نیاز احمد

مفکر پاکستان کا مسلمانوں پر بڑا احسان ، انگریزوں کی غلامی اور احساس کمتری سے چھٹکارا دلایا ، وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی

جمعرات 12 نومبر 2015 21:27

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء ) پروفیسر ڈاکٹر رائے نیاز احمد، وائس چانسلربارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال ایک عظیم شاعر، فلسفی اور مفکر تھے جنھوں نے اپنی شاعری کی بدولت مسلمانوں کو نہ صرف خواب غفلت سے جگایا بلکہ اایک آزاد مسلم ریاست کا تصور بھی پیش کیا اور اقبال کا پیغام پوری انسانیت کے لئے تھا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے نے یونیورسٹی میں یوم اقبال کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلر نے کہا کہ علامہ محمد اقبال کا مسلمانوں پر بہت بڑا احسان ہے کہ انھوں نے مسلمانوں کو نہ صرف انگریزوں کی غلامی اور احساس کمتری سے چھٹکارا دلایا اور نوجوانوں کو ایک نئے جذبے اور ولولوں سے سرشار کیا بلکہ ان میں خود اعتمادی، ہمت اور آزادی کی تڑپ پیدا کی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر ڈاکٹر رائے نیاز احمد نے کہا کہ اقبال کی شاعری نہ صرف ہماری طرز زندگی کی راہ متعین کرتی ہے بلکہ سوچ کے نئے دروازے بھی کھولتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج کے نوجوان میں جذبہ پیدا کرنے کے لئے انھیں فکر اقبال سے روشناس کرانا ہو گا اور طلباء پر زور دیا کہ وہ علامہ محمد اقبال کی شاعری سے استفادہ کریں اور زندگی کے ہر شعبے میں ترقی کریں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بہتر انداز سے اپنا کردار اداکریں۔

کانفرنس سے اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد، اور اقبالیات کے مشہور سکالر ایوب صابر نے بھی خطاب کیا اور علامہ اقبال کی شاعری اور مسلمانوں کو دیئے گئے پیغام پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے تو اقبال کی شاعری سے راہنمائی لیناموجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔یوم اقبال کے حوالے سے یونیورسٹی میں مشاعرے اور آرفانہ کلام کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر رائے نیاز احمد کے علاوہ، ڈین، ڈاریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مشاعرے میں شعبہ سائنسز کے علی رضا شیرازی نے پہلی، شعبہ زراعت کے زاہد عباسے نے دوسری اور شعبہ زراعت کے صبغت اﷲ اور ندا مغل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :