اسلام آباد ہائی کورٹ نے مجسٹریٹ کی عدالت سے بچوں کے سمن جاری ہونے کے خلاف درخواست کی سماعت 19 نومبر تک ملتوی کر دی

جمعرات 12 نومبر 2015 23:01

اسلام آباد ۔12 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے مجسٹریٹ کی عدالت سے بچوں کے سمن جاری ہونے کے خلاف درخواست پر بچوں کے والدین یا ان کی طرف سے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے 19 نومبر تک ملتوی کر دی۔

(جاری ہے)

جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے بچوں کے والدین یا ان کے وکیل کی جانب سے درخواست کی عدم پیروی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر بھی کوئی پیش نہ ہوا تو حکم امتناع ختم کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر وقاص رشید نے بطور مجسٹریٹ ایک خاتون کسٹم افسر کی شکایت پر فریقین کا موقف جاننے کے لئے سمن جاری کئے تھے تاہم بچوں کے والدین نے ہائی کورٹ سے رجوع کر کے حکم امتناع حاصل کر لیا۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے بچوں کے والدین یا ان کے وکیل کی عدم حاضری پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی۔