دہشتگردوں کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں مل رہی،شازیہ فرید

جمعرات 12 نومبر 2015 23:04

گوجرانوالہ۔12 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔12 نومبر۔2015ء)ایم این اے وضلعی جنرل سیکرٹری ن لیگ میڈم شازیہ فرید نے کہا ہے کہ پاک افواج آپریشن ضرب عضب میں بے مثال قربانیوں کی داستان رقم کررہی ہے ، جمہوری حکومت پوری تن دہی سے اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ، دہشتگردوں کو کہیں بھی جائے پناہ نہیں مل رہی ، انہوں نے کہاکہ چونکہ ملکی ادارے بہت عرصہ سے تنزلی کا شکار تھے ، یہ آہستہ آہستہ دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں، اور ہماری حکومت نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں تمام محکموں میں میرٹ کی پالیسی اپنانے کی کوشش کی ہے ، اور خصوصاً صوبہ پنجاب اس میں ہراول دستہ کا کردار ادا کررہا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاک افواج اور ہماری حکومت میں مکمل ہم آہنگی ہے ، اور ہماری موجودہ جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ،انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کی بقاء جمہوریت میں ہی ہے ، اور جمہوریت ہی ترقی کا راستہ ہے انہوں نے کہاکہ ن لیگ ملک سے لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمہ ، بے روزگاری سے نجات ، اور ملکی وقار کی بحالی کے ایجینڈے کو ہر حال میں پائیہ تکمیل تک پہنچائے گی ۔