کراچی کے علاقے منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے

دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دہشت گرد کراچی میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے

جمعرات 12 نومبر 2015 23:16

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 نومبر۔2015ء) کراچی کے علاقے منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں 6 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ دہشت گرد کراچی میں بڑے پیمانے پر دہشت گردی کرنا چاہتے تھے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی راؤ انوار نے بتایا کہ پولیس پارٹی کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی تھی کہ کچھ دہشت گردمنگھوپیر فلٹر پلانٹ کے قریب چھپے ہوئے ہیں۔

پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کردیا۔ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے جن میں سے 2 دہشت گردوں کی شناخت حیدر علی اور عبداﷲ کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم، تحریک طالبان سوات گروپ سے ہے۔ دہشت گرد بڑے پیمانے پر کراچی میں قتل وغارت اور دہشت گردی کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے ان کی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق دہشت گرد حساس اداروں، غیر ملکیوں سمیت مختلف دفاتر کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پولیس مقابلے میں 2 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں جن کی شناخت منظور اور گل رحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دہشت گردوں کی لاشوں کو بھی پولیس نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :