لا ہو ر ،نجی ایئر لائنز کی پرواز کی خطرناک لینڈنگ کی وجوہات سامنے آ گئیں

جمعہ 13 نومبر 2015 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء)نجی ایئر لائنز کے طیارے کی لاہور ایئر پورٹ پر خطرناک لینڈنگ کی وجوہات سامنے آ گئیں، میڈیکل رپورٹ کے مطابق لینڈنگ کے وقت پائلٹ شراب کے نشے میں دھت تھا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک بھر کے ایئر پورٹس پر جہازوں کے عملے پر میڈیکل چھاپوں کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپو رٹ کے مطا بق تین نومبر کو لاہور ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ نے سیکڑوں مسافروں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی تھیں، سول ایوی ایشن حکام کی رپورٹ میں طیارے کے پائلٹ کو خطرناک لینڈنگ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا، تاہم اب مزید وجوہات بھی سامنے آگئی ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کا پائلٹ شراب کے نشے میں دھت تھا، پائلٹ کے خون میں الکوحل کا تناسب نہایت بلند پایا گیا، رات بھر آرام نہ کرنے کے ثبوت بھی سامنے آ گئے ہیں، جس کے بعد سول ایوی ایشن قوانین کے تحت کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن نے آئندہ کاک پٹ کریو کے ساتھ کیبن کریو کے میڈیکل چیک اپ کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ایوی ایشن کے ایئر پورٹ ڈاکٹرز بھی عملے کا اچانک چیک اپ کر سکیں گے۔ ملک بھر کے ایئر پورٹس پر جہازوں کے عملے پر میڈیکل چھاپوں کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔