موجودہ نظام میں اپوزیشن کے اقدامات نمائشی ہیں حقیقی نہیں ، بابر اعوان

جمعہ 13 نومبر 2015 13:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ نظام میں 2 ہزار خاندان حکمرانی کر رہے ہیں اپوزیشن کے اقدامات نمائشی ہیں وہ حقیقی نہیں ہیں ۔ جمہوری نظام کو اگر خطرہ ہے تو نواز شریف اور حکومت کی ہٹ دھرمی سے ہے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز حکومت میں فیصلہ سازی محمد شاہ رنگیلا والی ہو رہی ہے ۔

بیوروکریسی ان کو صوفہ وزیر اعظم کہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) حکومت کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ پروجیکٹ چلے یا نہ چلے ان کو صرف کمیشن ملنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام اور پارلیمنٹ میں دو ہزار خاندان حکمرانی کر رہے ہیں جبکہ اپوزیشن لیڈر و وفاقی وزراء سے زیادہ حکومت کی ترجمانی کر رہے ہیں اپوزیشن کے اقدامات نمائشی ہیں وہ حقیقی نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کو چاہئے کہ وہ مشترکہ مفادات کونسل کے لئے اپنے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی سے بات کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس جمہوری نظام کو خطرہ ہے تو وہ صرف نواز حکومت کی ہٹ دھرمی سے ہو گا انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے امریکی دورے میں سوائے شرمندگی کے اور کچھ حاصل نہیں کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق فاٹا کو صوبے کا درجہ دیا جائے اور باقی صوبوں کی طرح ان کو اختیارات دیئے جائیں انہوں نے کہا کہ اگر فاٹا کو کسی اور صوبے کا دم چھلا بانیا گیا تو وہاں جو پہلے سے احساس محرومی ہے اس میں مزید اضافہ ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر عبدالقادر مشرف کے دور حکومت میں ان کا چمچہ رہا ہے میں ان کی کسی بات پر یقین نہیں کرتا ہوں ۔

متعلقہ عنوان :