امریکہ اور اس کے خواریوں کے خلاف قیامت تک جہاد جاری رہیگا، امریکہ اور اس کے خواری دین اسلام اور مسلم امہ کو مٹانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں، رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ کا مرکزی جامع مسجد میں اجتماع سے خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 17:03

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء ) رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے خواریوں کے خلاف قیامت تک جہاد جاری رہیگا۔ امریکہ اور اس کے خواری دین اسلام اور مسلم امہ کو مٹانے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں ۔ مذہب اور فرقے کے نام پر گرفتاریاں کسی صورت منظور نہیں ۔ دہشت گردی ایکٹ سے فرقے اور مذہب کو ہٹانے کے لئے عنقریب قومی اسمبلی میں بل پیش کیا جائیگا۔

مغربی قومیں قادیانی مرزا غلام محمد کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔ وہ مرکزی جامع مسجد میں اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے کہاکہ برصغیر کے آزادی کے وقت اسلام دشمن قوتوں نے قادیانی مر زا غلام محمد کو میدان میں اُتار کر قلم کی جہاد پر زور دیا مگر حاجی صاحب ترنگزئی اور اس کے ساتھیوں نے دیگر جہادی اکابرین کے ہمراہ بندوق اُٹھا کر جہاد شروع کیا جس کے دورس اور مثبت نتائج برآمد ہوئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ قیامت تک جہاد جاری رہیگا کیونکہ امریکہ اور مغربی طاقتوں نے اسلام اور مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے کیلئے ایکا کر لیا ہے اور اس حوالے سے وہ ایک دوسرے کے ساتھ بھر پو رتعاون کر رہے ہیں ۔ مولانا سید گوہر شاہ نے کہاکہ مذہب اور فرقے کو دہشت گردی ایکٹ میں شامل کرکے زیادتی کی گئی ہے ۔ دہشت گردی کے آڑ میں مذہب اور فرقے کے نام پر گرفتار یوں کو کسی صورت نہیں مانتے اور اس ایکٹ میں ترمیم کیلئے عنقریب قومی اسمبلی میں بل پیش کیا جائیگا۔

مولانا سید گوہر شاہ نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ مسلم امہ اور مسلم ریاستوں کے سر براہان امریکہ اور اس کے خواریوں کے اسلام دشمن سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں ۔مولانا سید گوہر شاہ نے تحریک انصاف کے صوبائی حکومت کی طرف سے سرکاری تعلیمی اداروں میں مغربی لباس رائج کرنے پر شدید تنقید کی اور کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے بہت پہلے پیشن گوئی کی تھی کہ عمران خان وطن عزیز میں مغربی تہذیب لاگو کرنا چاہتے ہیں مگر جے یوآئی کے ہوتے ہوئے عمران خان اور اس کے ٹولے کے تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائیگا۔