انٹرنیٹ کے موضوع پر تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس 16نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگی

جمعہ 13 نومبر 2015 17:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کے زیر اہتمام انٹر نیٹ سوسائٹی - ایشیاء پیسفک (آئی ایس او سی۔ اے پی اے سی) کے تعاون سے تین روزہ آئی نیٹ کانفرنس 16سے 18نومبر کو اسلام آباد میں منعقد کی جا رہی ہے ۔ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور مستقل اور پائیدار ترقی کیلئے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایجنڈاکے موضوعات کا احاطہ کرنا ہے ۔

ایشیاو بحرالکاہل خطے سے تعلق رکھنے والے معروف مقررین بشمول انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین(آئی ٹی یو) اور ایشیا پیسفک ٹیلی کمیونٹی (اے پی ٹی)کے نمائندے اورقومی ماہرین کانفرنس کے دوران ڈیجیٹل دنیا میں انٹر نیٹ کے مواقعوں، مسائل، ترقی اوردرپیش چیلنجز سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

(جاری ہے)

توقع ہے کہ آئی نیٹ کانفرنس اسلام آباد میں سرکاری اداروں، انٹر نیٹ سروس پرووائڈرز، فکسڈاورموبائل آپریٹرز، تعلیمی اداروں، بینکوں، انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی سے متعلقہ افراداور کمرشل کمپنیزسے 250 سے زائد شرکا ء شرکت کریں گے ۔

اس دوران ڈیجیٹل معیشت کی جانب سفر کے تناظر میں پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور مستقل اور پائیدار ترقی کیلئے انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ایجنڈا کے حوالے سے متعدد موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز(آئی سی ٹیز)کے انقلاب نے ہمارے باہمی تعلقات، روزمرہ اموراور زندگی کے طور طریقوں پر گہرے اثرات مرتب کئے ہیں یہی سوچ اب سماجی اور اقتصادی ترقی پر بھی گہرے اثرات مرتب کر رہی ہے۔

اب انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی طویل المیعاد ترقی کے منصوبوں میں استعمال ہو رہی ہے اور اس کے ثمرات مقام، عمر، معذوری اور آمدنی کی حدود سے نکل کر ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔ اس کانفرنس میں انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی حوصلہ افزائی، ہم آہنگ پالیسیز اور قانون سازی جیسے امور بھی زیر بحث آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :