بلدیاتی الیکشن پر شرپسندی روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ،بدامنی پیدا کرنیوالے عناصر کیخلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی ،ڈی پی اوچیچہ وطنی

جمعہ 13 نومبر 2015 17:59

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد باقر رضانے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن کے موقع پر شرپسندی کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی اور بدامنی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاتفریق کاروائی ہو گی جبکہ اسلحہ کی نمائش پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔کسی شخص کو بھی اسلحہ کی نقل و حرکت اور نمائش کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔

لاؤڈ سپیکر پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ قانون شکنی کی صورت میں آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے ساتھ ساتھ حساس اداروں کے جوان بھی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے متعلق افسران بالا کو مطلع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن میں پولیس افسران و اہلکاران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ پولنگ کے روز ایمانداری سے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ ڈیوٹی میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ الیکشن میں سکیورٹی ڈیوٹی کے فرائض میں کوئی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔