اگر بھارت میں جا کر کھیلنے کی کوئی تجویز آئے تو پی سی بی کو اسے صاف مسترد کر دینا چاہیے ‘ نجم سیٹھی

چڑیا کو بھیجا ہوا ہے عمر اکمل کے بارے میں ایک دو روز میں سب کچھ سامنے آ جائے گا‘ پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ کی گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 19:38

اگر بھارت میں جا کر کھیلنے کی کوئی تجویز آئے تو پی سی بی کو اسے صاف مسترد ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اگر بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے ان کے ملک میں جا کر کھیلنے کی کوئی تجویز آئے تو پی سی بی کو اسے صاف مسترد کر دینا چاہیے ، بھارت 2012ء میں بھی ایسا کر چکا ہے اور ہمیں دورے کی مد میں ایک دھیلا بھی نہیں ملا ، چڑیا کو بھیجا ہوا ہے عمر اکمل کے بارے میں ایک دو روز میں سب کچھ سامنے آ جائے گا ،اگر انکوائری رپورٹ میں کچھ نہ آیا تو وہ کلیئر ہوں گے ۔

لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے دور میں بھارت اورپاکستان کے درمیان چھ سیریز کا معاہدہ کیا تھا جس میں سے دو بھارت جبکہ چار ہماری ہوم سیریز تھیں اس کی وجہ یہ تھی بھارتی بورڈ نے پہلے بھی دو دفعہ وعدہ کیا تھا لیکن وہ نہیں آئے ۔

(جاری ہے)

معاہدے میں واضح طو رپر لکھا ہے کہ ہماری ہوم سیریز دبئی یا دوسری جگہ پر کرانے کا منوایا تھا کیونکہ ہمارے خیال میں یہاں حالات ٹھیک ہو جائیں گے ،اب بھارت کو معاہدے کے تحت دبئی میں کھیلنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اب ہم سنتے آ رہے ہیں کہ بھارت میں کھیل لیا جائے لیکن یاد ہونا چاہیے کہ 2012ء میں بھی بھارت نہیں کہا تھاکہ ہم نہیں آسکتے اور آپ آ جائیں اور ہم وہاں چلے گئے لیکن ہمیں اس دورے کے تناظر میں ایک دھیلا نہیں ملا ۔ میری ذاتی رائے ہے کہ اب اگر بھارت کی طرف سے ایسی کوئی تجویز آتی ہے تو پی سی بی کے گورننگ بورڈ کو اس تجویز کو صاف مسترد کر دینا چاہیے اور بھارت سے کہا جائے کہ دبئی میں کھیلے ۔

لیکن اس پر گورننگ بورڈ نے حتمی فیصلہ کرنا ہے کہ تجویز آتی ہے یا اس میں کیا ہوتا ہے ۔اب بھارت سے کہا جائے کہ بہت ہو گیا ہے اسے اپنے معاہدے کی پاسداری کرنی چاہیے ۔ انہوں نے عمر اکمل کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ عمر اکمل کو خط لکھا ہے کہ وہ بتائیں اصل کہانی کیا ہے اور ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ۔ادھر ادھر سے پتہ کرنے کی کوشش کی گئی تو دیوار کھڑی کر دیگ ئی جیسے کچھ ہوا ہی نہیں ۔اگر کچھ نہیں ہوا تو اگلے ایک دو روز میں پتہ چل جائے گا ۔ اگر عمر اکمل کیخلاف انکوائری میں کچھ نہ آیا تو وہ کلیئر ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ابھی چڑیا بھیجی ہوئی ہے کہ پتہ کرے عمر اکمل کی اصل کہانی کیا ہے اور ابھی تک چڑیا واپس نہیں آئی ۔