ملک کو سیکولر بنانے کی بات نظر یہ پاکستان سے انحراف ہے ،مولانا سمیع الحق

سیکولر قوتیں خوش نہیں ہونگی ، نواز شریف اپنے ماضی اور آئین پاکستان کو فراموش نہ کریں ،ہم نظریہ پاکستان کا تحفظ کریں گے ، قائد جمعیت کی مولانا سلطان محمود ضیا ء سے اکوڑہ خٹک میں گفتگو

جمعہ 13 نومبر 2015 19:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء) جمعیت علماء اسلام (س)کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے جامعہ حقانیہ اکوڑہ خٹک میں آج معروف جہادی رہنما پاسبان اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا سلطان محمود ضیاء کی ملکی اور بین الاقوامی حا لات پر تفصیلی ملاقات ہوئی ، دوران ملاقات مولانا سمیع الحق نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کے حالیہ بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیااور انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے بعد پاکستان دنیا کا وہ منفرد ملک ہے جو دو قومی نظریے اور کلمہ توحید کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا ہے پاکستان کوسیکولر بنانے کی بات کرنا نظریہ پاکستان سے انحراف اور غداری کے مترادف ہے ،سیکولر قوتوں کو خوش کرنے کی کوشش کبھی بھی کامیاب نہیں ہوسکے گی،قیام پاکستان اور اس میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لئے ہم نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور آج اس ملک کے تحفظ و استحکام کے لئے بھی ہم کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ،مولانا سمیع الحق نے کہا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آتے ہیں اپنا ماضی بھول جاتے ہیں ،اقتدار کے لئے کل وہ ہماری منتیں کرتے تھے اور آج وہ ہمارے اسلامی ملک کو سیکولر بنانے کی بات کرکے آئین پاکستان کو بھی فراموش کر رہے ہیں،مولانا سمیع الحق سے ملاقات میں پاسبان اسلام کے سربراہ مولانا سلطان محمود ضیاء نے کہا کہ پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کے لئے جس طرح ہم نے قربانیاں دی ہیں آج استحکام پاکستان اور تحفظ نظریہ پاکستان کے لئے بھی ہم قربانیاں دیں گے۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق سے ملاقات میں مولانا فصیح الدین سیف، مولانا ظہیر احمد، چوہدری محمد صدیق ، مولانا عبدالقیوم حقانی، سعید الرشید عباسی اور دیگر رہنما شریک تھے۔