اقبال پارک کے نزدیک پارکنگ پلازہ ایسی جگہ پر بنایا جائیگا جہاں تاریخی عمارات کے دلکش منظر میں کوئی رکاوٹ نہیں آئیگی‘عبداﷲ خان سنبل

بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو اسکولوں میں داخلہ اور ان کی تعمیر و تدریس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں ‘کمشنر لاہور ڈویژن

جمعہ 13 نومبر 2015 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ گریٹر اقبال پارک کے نزدیک پارکنگ پلازہ کو ایسی جگہ پر بنایا جائے گا جہاں سے تاریخی عمارات بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ کے دلکش منظر میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی- انہوں نے کہا اس کے لیے گریٹر اقبال پارک سے ذرا سے فاصلے پر تعمیر کی قابل عمل تجویز زیر غور ہے جس سے لوگوں کی آمد و رفت میں آسانی اور دور سے تاریخی عمارات کو دیکھنے میں کوئی رکاوٹ نہیں رہے گی- انہوں نے ایک دوسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کو اسکولوں میں داخلہ اور ان کی تعمیر و تدریس کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں ، متعلقہ ضلعی انتظامیہ، لیبر، خواندگی کو ایک صفحے پر لا کر منظم منصوبہ بندی کے ذریعہ کچھ ہی عرصہ میں اس کو عملی جامہ پہنا دیا جائے گا-کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے ان خیالات کا اظہار آج اپنے دفتر میں ہونے والے گریٹر اقبال پارک کے لیے پارکنگ پلازہ اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی تعلیم کے حوالے سے منعقدہ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا-

متعلقہ عنوان :