لاہور،17نومبر سے شہر بھر میں شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کے سلسلہ میں ورکروں کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری

جمعہ 13 نومبر 2015 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء ) ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر)محمد عثمان کی ہدایت پر تمام ٹاؤنز میں17نومبر سے شہر بھر میں شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کے سلسلہ میں ورکروں کی ٹریننگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ تین روزہ پولیو مہم میں4ہزار سے زائد ملازمین حصّہ لینگے اورپولیو مہم کے آغاز سے قبل اُن کو اس کی ٹریننگ دی جارہی ہے کہ کس طرح پولیو کے قطرے پلانے ہیں تاکہ وہ پولیو مہم کی تمام ایس اوپیز پر آسانی کے ساتھ عمل درآمد کر کے اپنے مطلوبہ15لاکھ70ہزار پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلانے کے ٹارگٹ کو بغیر کسی پریشانی کے آسانی کے ساتھ پورا کر سکیں۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ پولیو مہم میں حصّہ لینے والے تمام افسران و ملازمین جانفشانی ،محنت لگن اور ایمانداری سے کام کریں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں شہر بھر میں ڈینگی مہم جاری ہے اور ڈی سی اولاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت کے بعد ڈینگی مہم پر مامور ٹیموں کی اِن ڈور سرویلنس کے وقت کو 9منٹ سے بڑھا کر 15منٹ فی گھر کر دیا گیاہے تاکہ ملازمین پوری تسلی کے ساتھ ڈینگی کی اِن ڈور سرویلنس کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام ٹاؤنز میں ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی سے ہو رہاہے اور وہ ذاتی طور پر خود ڈینگی سرویلنس کی نگرانی کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :