پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر حکومت کی جانب سے غلط معلومات کی فراہمی پر اپوزیشن اورحکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان کا 2 مرتبہ ایوان سے واک آؤٹ

حکومت نے کوئی چیز نہیں چھپائی ‘ تمام حقائق قوم اور ایوان کے سامنے رکھے ،وفاقی وزیر سیفران

جمعہ 13 نومبر 2015 20:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) سینیٹ میں پاک چین اقتصادی راہداری پر حکومت کی جانب سے غلط معلومات فراہم کرنے پر اپوزیشن جماعتو ں کے تمام اراکین سمیت حکومتی اتحادی پختونوا ملی عوامی پارٹی کے ارکان نے بھی 2 مرتبہ ایوان سے واک آؤٹ کیا اور موقف اختیار کیاکہ حکومت انہیں اور عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے،قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے کہا ہے کہ سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے بہت کرخت الفاظ استعمال کئے کہ گورنمنٹ دھوکہ دے رہی ہے۔

مجھے اس بات پر بڑا دکھ ہوا ہے ‘ میری احسن اقبال سے بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سب سے پہلے مغربی روٹ کی بات ہو گی‘ فرحت اﷲ بابر جرنلسٹ رہ چکے ہیں انہیں الفاظ کا چناؤ اور مطلب و معنی معلوم ہونا چاہئیں‘ وفاقی وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ نے کہاکہ دلوں کے راز رب جانے ‘ حکومت نے کوئی چیز نہیں چھپائی ‘ تمام حقائق قوم اور ایوان کے سامنے رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سینٹ میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے اپنے سوال کے دوران حکومت کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے۔ جس پر قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سے درخواست کی کہ فرحت اﷲ بابر کے الفاظ حذف کئے جائیں۔ الیاس بلور نے کہا کہ وہ وعدہ ہی کیا جو وفاق ہو جائے۔ حکومت ایوان سے 90 فیصد جھو ٹ بول رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہم سے وعدہ کیا تھا اگر اس وعدے پر ایک فیصد بھی عمل ہوا ہو تو میرا ہاتھ کاٹ دیں۔

سینیٹر شاہی سید نے تحریک التواء پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں رہنے والے پختون قوم سے تعلق رکھنے والے کاروباری حضرات کو طالبان سے تعلق رکھنے کے بے بنیاد الزامات کے تحت انتقام کا نشانہ بنایا۔ کراچی پولیس میں سیاسی بنیادوں پر بھرتیاں ہو رہی ہیں آج پختون قوم کی پورے ملک میں تذلیل ہو رہی ہے۔ ایسا نہ ہو کہ ہمارے منہ سے ایسے الفاظ نکلیں جو ملک کیلئے او راس ایوان کیلئے ٹھیک نہ ہوں

متعلقہ عنوان :