ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی جلد ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے فنڈز کے اجراء کے حوالے سے کوششیں تیز کی جائیں ٗ بیرسٹر عثمان

یلی ویجز ملازمین کی فہرستوں میں جعلی انٹریاں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ٗ خطاب

جمعہ 13 نومبر 2015 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء)وزیر مملکت برائے کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) بیرسٹر عثمان ابراہیم نے ہدایت کی ہے کہ وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنانے کے لئے فنڈز کے اجراء کے حوالے سے کوششیں تیز کی جائیں جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کی فہرستوں میں جعلی انٹریاں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وہ جمعہ کو وفاقی نظامت تعلیمات (ایف ڈی ای) کے ڈیلی ویجز ملازمین کے حوالہ سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری کیڈ قیصر مجید، ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات معین الدین احمد وانی، جوائنٹ سیکریٹری (تعلیم) عائشہ فاروق اور وفاقی نظامت تعلیمات کے دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نظامت تعلیمات کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے مسئلہ پر غور کیا گیا۔

وزیر مملکت نے ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات اور جوائنٹ سیکریٹری (تعلیم) کو ہدایت کی کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فنڈز جاری کرانے کو یقینی بنانے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔ وزیر مملکت کی ہدایت پر اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات کی نگرانی میں ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا گیا۔ وزیر مملکت نے حکام کو وفاقی نظامت تعلیمات کے ڈیلی ویجز ملازمین کی فہرست میں جعلی انٹرویوں کے بھی دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی اس میں ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس کے آخر میں وزیر مملکت نے ایک مرتبہ پھر ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں کے لئے جلد از جلد فنڈز کو جاری کرانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔