سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونیوالی چھٹی انٹر سکول وکالج گیمز 2015ء اختتام پذیر حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کھیلوں کے فروغ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں، مجتبیٰ شجاع الرحمان

جمعہ 13 نومبر 2015 22:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 نومبر۔2015ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے منعقد ہونیوالی چھٹی انٹر سکول وکالج گیمز 2015ء جمعہ کو اختتام پذیر ہوگئیں۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اس موقع پر خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ انٹر سکول اینڈ انٹر کالج گیمز کا انعقادخوش آئند ہے۔

نوجوانوں میں سپورٹس کا رحجان بڑھ رہا ہے پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کے فروغ کیلئے نمایاں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سال ان گیمز میں 250 سکولز و کالجز نے حصہ لیا ہے تو اگلے سال یہ تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوگی۔ نوجوانوں میں بہت ٹیلنٹ ہے اور یہی نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نوجوان کو ٹیلنٹ کے اظہار کیلئے ان کو بھرپور مواقع میسر ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی گیمز ایم این اے راحیل اصغر،افتخار علی ملک، ادریس حیدر خواجہ، بشیر احمد گل، سلمان بٹ، مشتاق احمد، خاور شاہ، خلیل احمد، وقار علی سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے شرکت کی۔ روحیل اصغر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھٹی انٹر سکول اینڈ کالج گیمز کے کامیاب انعقاد پر پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون پر شکرگزار ہیں۔

اس طرح کھیلوں کا سلسلہ چلتے رہنا چاہئے۔ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ نے بھی پنجاب حکومت اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔چھٹی انٹر سکول اینڈ کالج گیمز2015میں سکول گرلز کے مقابلے میں ادبستان صوفیہ نے 648 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، بیکن ہاؤس لبرٹی نے 427 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، سٹی سکول گورومانگٹ نے 323 کے ساتھ تیسری، لاہور علمہ نے 293 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، سیکرٹ ہارٹ کانونٹ نے 291 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

سکول بوائز کے مقابلوں میں ڈی پی ایس ماڈل ٹاؤن نے 1147 پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، سٹی سکول گورومانگٹ نے 699 کے ساتھ دوسری، ڈان باسکو انگلش میڈیم نے 290 پوائنٹس کے ساتھ تیسری، بحریہ سکول نے 210 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، ڈی پی ایس ٹاؤن شپ نے 200 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔کالج بوائز میں پنجاب گروپ آف کالجز نے 1936 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے 883 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، سپریئر کالج نے 640 پوائنٹس کے ساتھ تیسری ، سٹی سکول گورومانگٹ نے 326 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، اسلامیہ کالج سول لائن نے 224 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

گرلز کالجز مقابلوں کے نتائج کے مطابق لاہور کالج یونیورسٹی نے 1593 پوائنٹس کے ساتھ پہلی، کنیئرڈ کالج نے 772 پوائنٹس کے ساتھ دوسری، اسلامیہ کالج لاہور کینٹ نے 302 پوائنٹس کے ساتھ تیسری ، فاطمہ جناح چونا منڈی 250 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی، ڈی ایچ اے ایجوکیشن سسٹم نے 210 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :