عالمی تبلیغی مرکز کے سامنے عارضی اڈا لگانے کیلئے خوانچہ فروشوں اور ریڑھی بانوں سے 300فی کس وصولی کا انکشاف

عارضی اڈے لگانے والوں کی چیکنگ اور کوئی ریکارڈ مرتب نہ کئے جانے کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے‘ ذرائع

جمعہ 13 نومبر 2015 22:54

رائے ونڈ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 نومبر۔2015ء )عالمی تبلیغی مرکز کے سامنے اڈا لگانے کیلئے خوانچہ فروشوں اور ریڑھی بانوں سے 300فی کس وصولی کا انکشاف ہوا ہے ،پولیس سمیت حساس اداروں کی طرف سے عارضی اڈے لگانے والوں کی چیکنگ اور کوئی ریکارڈ مرتب نہ کئے جانے کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے ۔قبضہ مافیا کی طرف سے عالمی اجتماع کے ایام میں رائے ونڈ تبلیغی مرکز کے مین گیٹ کے سامنے بیسیوں ریڑھیاں لگوا کر دیدہ دلیری سے ان سے فی کس 300روپے وصول کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وصولی کرنے والوں کو ریلوے پولیس چوکی کے عملے سمیت دیگر سرکاری لوگوں کی مکمل سرپرستی بھی حاصل ہے ۔ایک محتاط اندازے کے مطابق تبلیغی اجتماع کے ایام میں ریڑھی بانوں اور خوانچہ فروشوں سے ہزاروں روپے یومیہ اکٹھا کر کے اس کی آپس میں تقسیم کی جاتی ہے ۔ ریلوے پولیس کا موقف ہے کہ انہیں آئی او ڈبلیو میمو جاری کریگا تو وہ انکے خلاف کارروائی کرینگے اسکے بغیر وہ کچھ نہیں کرسکتے ۔ذرائع کے مطابق عارضی اڈے لگانے والوں کی کسی بھی طرح سے تلاشی لی جاتی ہے او رنہ ہی ان کا ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے جسکی وجہ سے سکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔