فیصل آباد میں آنکھوں کی تمام بیماریوں کے جدید علاج کے لئے انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی قائم کیاجائے گا، گلزار حسین شاہ

آنکھوں کے جدید طریقہ علاج بارے ڈاکٹرز کیلئے عالمی معیار کی تربیتی سہولتیں بھی حاصل ہوں گی،سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب

جمعہ 13 نومبر 2015 23:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13 نومبر۔2015ء) فیصل آباد میں آنکھوں کی تمام بیماریوں کے جدید علاج کے لئے انسٹیٹیوٹ آف آپتھلمالوجی قائم کیاجائے گا جس میں آنکھوں کے جدید طریقہ علاج کے بارے میں ڈاکٹرز کے لئے عالمی معیار کی تربیتی سہولتیں بھی حاصل ہوں گی۔اس مقصد کے لئے سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی طرف سے منصوبہ سازی کی جارہی ہے۔

یہ بات سپیشل سیکرٹری صحت پنجاب سید گلزار حسین شاہ کی زیرصدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں ڈی سی او نورالامین مینگل،الائیڈ وڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال،گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد،سمن آباد،ہلال احمر میٹرنٹی ہسپتال،تحصیل ہیڈ کوارٹرزہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس،ای ڈی او،ڈی اوہیلتھ اور محکمہ صحت کے دیگر مقامی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے بتایا کہ فیصل آباد میں امراض چشم کے لئے علیحدہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال قائم کرکے مریضوں کو ایک ہی چھت کے نیچے الگ الگ شعبوں میں کالاموتیا،سفیدموتیا سمیت آنکھوں کی مختلف بیماریوں کے جدید ترین علاج کی سہولتیں فراہم کریں گے جس میں آئی بینک اورآنکھ کی پیوند کاری کے لئے کارنیوپلاسٹی کااہم شعبہ بھی ہوگاتاکہ عطیہ کی گئی آنکھیں اس نعمت سے محروم ضرورت مندافراد کو لگائی جاسکیں۔

سپیشل سیکرٹری صحت نے آپتھلمالوجی انسٹیٹیوٹ کے قیام کی گرانقدرسوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں منصوبہ سازی کرکے فوری طور پرحکومت پنجاب کو بھیجی جائے جس کی منظوری اور فنڈز کا بلاتاخیر بندوبست کیاجائیگا۔انہوں نے سرکاری ہسپتالوں کی حالت زار کو سنوارنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شعبہ صحت کی اصلاح پر کڑی توجہ دے رہے ہیں اورخصوصی طور پر سرکاری ہسپتالوں میں اعلیٰ نظم ونسق وبہترین ماحول کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ الائیڈ اورسول ہسپتال میں شعبہ ڈائیلاسسز کو فعال رکھنے اور اعلیٰ معیار کی صفائی ستھرائی کے لئے 15کروڑ روپے کے فنڈز جلد جاری کردئیے جائیں گے ۔سپیشل سیکرٹری نے سپیشلسٹ ڈاکٹرز،میڈیکل آفیسرز کی خالی آسامیوں کو جلد پرُ کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مطلوبہ تعداد میں نرسنگ سٹاف بھی فراہم کردیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ جن اضلاع میں بلدیاتی انتخابات مکمل ہوگئے ہیں ان میں درجہ چہارم کی آسامیوں پر بھرتی کے لئے عنقریب اجازت دے دی جائے گی جبکہ ٹیکنیکل سٹاف کی بھرتی کے لئے بھی اقدامات کو آگے بڑھایا جائے۔

سپیشل سیکرٹری نے ہدایت کی کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد میں طبی مشینری اور دیگرسازو سامان کی خریدای کا عمل فوری طور پر مکمل کرلیا جائے تاکہ محکمہ صحت کے سپرد ہونے کے بعد توسیعی عمارت میں میڈیکل سروسز کو فوراًفنکشنل بنایا جاسکے۔اجلاس کے دوران پنجاب رورل سپورٹ پروگرام کے تحت بنیادی مراکز صحت کے امور بھی زیر بحث آئے اور فیصلہ کیا گیا کہ اس پروگرام کو جاری رکھنے سے متعلق جامع حکمت عملی وضع کی جائے گی ۔

انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کی بعض انتظامی کمزوریوں کو فوری دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کوتمام تر وسائل فراہم کئے جائیں گے اس ضمن میں علاج معالجہ کے سلسلے میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

متعلقہ عنوان :