انتفاضہ القدس نے صہیونی ریاست کے زوال کی بنیاد رکھ دی ہے، ڈاکٹر محمود الزھار

القدس ،غرب اردن کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، آزادی کی منزل قریب ،دشمن زوال کا شکار ہونیوالا ہے غیرملکیوں کو قبلہ اول کا تقدس پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، حماس رہنماء کا اجتماع سے خطاب

ہفتہ 14 نومبر 2015 11:14

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) حماس رہنماء و سابق فلسطینی وزیرخارجہ ڈاکٹر محمود الزھار نے کہا ہے کہ فلسطین میں اکتوبر کے اوائل سے شروع ہونیوالی تحریک انتفاضہ القدس نے صہیونی ریاست کے زوال کی بنیاد رکھ دی ہے۔ القدس اور غرب اردن کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی، آزادی کی منزل اب بہت قریب اور دشمن زوال کا شکار ہونیوالا ہے۔

غزہ کی پٹی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ غیرملکیوں کو قبلہ اول کا تقدس پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ یہودی قبلہ اول میں عبادت کی آڑ میں داخل ہوکر مقدس مقام کی بے حرمتی کرتے ہیں، ان کا مقصد مذہبی رسومات کی ادئی نہیں بلکہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کیلئے راہ ہموار کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الزھار نے کہا کہ فلسطین میں جاری موجودہ تحریک کو کشیدگی کی لہر قرار دینا قطعی نامناسب ہے۔

یہ تحریک فلسطینی قوم کی اجتماعی تحریک ہے اور اس کا مقصد فلسطین کی آزادی کی منزل کے حصول کو آسان کرنا ہے۔ انہوں نے تمام فلسطینیوں سے اپیل کی کہ وہ تھریک انتفاضہ کو کامیاب بنانے کیلئے اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کی فضاء پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دشمن کو گمان تھا کہ وہ قبلہ اول کو یہودیوں اور مسلمانوں میں زمانی اور مکانی اعتبار سے تقسیم کرنے کی اپنی سازشوں میں کامیاب ہوجائیگی مگر فلسطینی قوم دشمن کی اس سازش کو ناکام بنانے کیلئے گھروں سے نکل کھڑے ہوئے۔ فلسطینیوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر قبلہ اول کا دفاع کیا اور اس کی تقسیم کی ناپاک سازشیں ناکام بنا دیں۔