تنہا افراد کے لیے ریسٹورنٹ کی خصوصی پیشکش

Fahad Shabbir فہد شبیر منگل 17 نومبر 2015 22:10

تنہا افراد کے لیے ریسٹورنٹ کی خصوصی پیشکش

مشی گن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر۔2015ء)یوم شکرانہ یا تھینکس گیونگ ڈے (Thanksgiving) خاص طور پر ریاست ہائے متحدہ امریکا اور کینیڈا میں منایا جانے والا ایک قومی تہوار ہے۔ اس تہوار کا مقصد فصل اور گزشتہ سال کی نعمتوں کا شکر ادا کرنا ہے۔ یوم شکرانہ کینیڈا میں اکتوبر کی دوسری پیر کو، جب کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا میں نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جاتا ہے۔

اس تہوار پر خاندان کے تمام لوگ ملتے ہیں اور مل کر کھانا کھاتے ہیں۔ اس تہوار پر مشی گن کے ایک ریسٹورنٹ کی طرف سے اعلان کیا جاتا ہے کہ کوئی ابھی ایسا شخص جو اس دن تنہا ہو ریسٹورنٹ میں آکر مفت کھانا کھا سکتا ہے۔ جارج سینٹ ریسٹورنٹ ایک فیملی ریسٹورنٹ ہے ، جو یونانی کھانوں کے لیے مشہور ہے۔اس کا مالک جار ج ڈیموپولوس جب امریکا آیا تو اس کی عمر 23 سال تھی۔

(جاری ہے)

اس کا تعلق ایتھنز ، یونان کے قریب ایک گاؤں سے ہے۔ اس نے 12 سال کی عمر میں اپنے خاندان والوں کو چھوڑ دیا تھا اور کافی وقت گلیوں میں گذارا تھا۔جارج کا کہنا ہے کہ گلیوں میں گھومتے ہوئے لوگ اسے کھانے کو دیتے جسے وہ شکریہ کے ساتھ قبول کر لیتا۔ جارج کا کہنا ہے میں اُن لوگوں کو نہیں بھولتا جنہوں نے مجھے کھانا کھلایا۔جارج اب آگے دوسرے ضرورت مندوں کو کھانا کھلانا چاہتا ہے۔ جارج گذشتہ 10 سالوں سے یوم شکرانہ پر تنہا لوگوں کو مفت کھانا کھلاتا ہے۔اس کا کہنا ہے کہ جب تک میں زندہ ہوں میں ایسے ہی کھانا کھلاتا رہوں گا۔