پنجاب اور سندھ میں‌بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ، الیکشن کمیشن کو 20 سے زائد شکایات موصول

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 نومبر 2015 10:48

پنجاب اور سندھ میں‌بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کا ..

لاہور/کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 19 نومبر 2015 ء) :پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے . تفصیلات کے مطابق سندھ کے14اورپنجاب کے12اضلاع میں آج بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے پولنگ کی جا رہی ہے. بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 7 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوا جو بغیر کسی وقفے کے شام ساڑھے 5 بجے تک جاری رہے گا۔سندھ کے8اضلاع کی 76 یونین کونسلوں،ٹاؤن اورمیونسپل کمیٹیوں میں انتخابات ملتوی کردیے گئے ہیں۔سندھ میں 70لاکھ، جبکہ پنجاب میں 1کروڑ 47لاکھ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے سندھ میں 6 اور پنجاب میں 12ہزار پو لنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے جس کے لیے حساس پولنگ اسٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کی مدد بھی لی جا رہی ہے.

دوسری جانب الیکشن کمیشن پنجاب کو اب تک بیس شکایات موصول ہو چکی ہیں جن میں پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہونا، غلط پرنٹگ، فہرستوں میں نقائص شامل ہیں. جبکہ سندھ کے صوبائی الیکشن کمیشن کو بھی بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے جاری پولنگ سے متعلق متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں.