پی سی بی گورننگ بورڈ نےنیشنل سٹیڈیم کراچی شادی ہال بنانے کا منصوبہ مسترد کردیا

جمعرات 19 نومبر 2015 11:08

پی سی بی گورننگ بورڈ نےنیشنل سٹیڈیم کراچی شادی ہال بنانے کا منصوبہ ..

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19نومبر- 2015ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ نے شادی ہال بنانے کا منصوبہ مسترد کردیا ہے ، تفصیلات کے مطابق حال ہی میں جنرل منیجر سے منیجر کے عہدے پر ترقی پانے والے ارشد خان نے نیشنل سٹیڈیم میں شادی ہالز بنانے کی تجویز بورڈ کو ارسال کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ اس سے کھنڈر کی صورت اختیارکرنے والے تاریخی سینٹر کے اخراجات پورے کیے جا سکیں گے ۔

یہ بات میڈیا میں آنے پر ہلچل مچ گئی اور سابق کپتان جاوید میانداد سمیت اعلیٰ شخصیات نے بھرپور مخالفت کی جسکے بعد لاہور میں گورننگ بورڈ میٹنگ کے دوران ارشد خان کی تجویز پیش ہوئی جس میں درج تھا کہ ماہانہ تین لاکھ روپے تک آمدنی ہو گی ، ذرائع نے بتایا کہ ارکان خاص طور پر ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اس پر خاصے برہم ہوئے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اول توتاریخی سینٹر پر شادی ہال بنانا کسی صورت مناسب نہیں ہے جبکہ صرف تین لاکھ روپے ماہانہ سے اخراجات کیسے کنٹرول ہو سکتے ہیں؟واضح رہے کہ کراچی میں ایسی پرائم لوکیشن پر ہال کا یومیہ کرایہ ہی ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے ہوتا ہے ۔

میٹنگ کے موقع پریہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ نیشنل سٹیڈیم کے منیجر کو اس حوالے سے بڈنگ کا اختیار کس نے دیا ؟ ذرائع نے مزید بتایا کہ نجم سیٹھی نے وینیو کو منافع بخش بنانے کی ذمہ داری خود لیتے ہوئے کمیٹی قائم کر دی جو اس حوالے سے تجاویز دے گی ۔ واضح رہے کہ نیشنل سٹیڈیم اس وقت کسی کھنڈر کا روپ اختیار کرچکا ہے ۔