قائد اعظم ٹرافی ، عمر گل نے اپنی آل راوٴنڈ کارکردگی سے حبیب بینک کو کامیابی دلا کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی

جمعرات 19 نومبر 2015 13:24

قائد اعظم ٹرافی ،  عمر گل نے اپنی آل راوٴنڈ کارکردگی سے حبیب بینک کو ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 نومبر۔2015ء) فاسٹ باوٴلر عمر گل نے قائد اعظم ٹرافی میں اپنی آل راوٴنڈ کارکردگی سے حبیب بینک کو کامیابی دلا کر سلیکٹرز کی توجہ اپنی جانب مبذول کرا لی ہے۔لاہور میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی کے پول بی کے میچ میں حبیب بینک نے عمر گل کی عمدہ کارکردگی کے باعث لاہور وائٹس کو ایک اننگز اور 56 رنز سے شکست دے دی۔

عمر گل نے پہلی اننگز میں لاہور وائٹس کے خلاف صرف 32 رنز کے عوض سات بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، لاہور وائٹس کی پوری ٹیم ان کی نپی تلی باوٴلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور مجموعی طورپر89 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔عمر گل نے باوٴلنگ کے بعد بیٹنگ میں بھی صلاحیتوں کیجوہر دکھائے اور وہ 95 رنز بنانے والے آفتاب عالم کے بعد 61 رنز کے ساتھ ٹیم کے دوسرے سب سے کامیاب بلے باز رہے جس کی بدولت ان کی ٹیم نے 331 رنز کے مجموعے تک رسائی حاصل کی۔

(جاری ہے)

دوسری اننگز میں بھی عمر نے لاہور وائٹس کے دو اہم بیٹسمینوں کو آوٴٹ کیا اور لاہور کی ٹیم کی مزاحمت 186 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکی۔عمر گل نے میچ کی دونوں اننگز میں 9 وکٹیں اور 61 رنز بنا کر آل راوٴنڈر کارکردگی کی بدولت سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی۔ شاہد آفریدی بھی ٹیم کا حصہ تھے تاہم ان کے حصے میں تین وکٹیں آئیں جبکہ بیٹنگ میں صرف 6 رنز بنا سکے