سعودی عرب : دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سعودی پولیس اہلکار ہلاک

جمعرات 19 نومبر 2015 13:30

سعودی عرب :  دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سعودی پولیس اہلکار ہلاک

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19نومبر2015ء)سعودی عرب کے شمالی علاقے میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو سعودی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔ وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ خلیجی ساحل پر قطیف کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں نے صبح سویرے حملہ کیا۔ وزارت کے ترجمان نے بتایا کہ دہشت گردی کے واقع میں ملوث ملزمان کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ۔

ایک مقامی رہائشی حسین النمار کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقع ہائی وے پر قائم ایک چیک پوسٹ پر پیش آیا۔ قطیف کی مقامی اآبادی نے فائرنگ کے واقع میں دو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر تشویش کا اظہار کیا کرتے ہوئے اسے یہاں آباد ایک مکتبہ فکر کے لئے خطر ناک قرار دیا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے سال 2011 میں 23 مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے مذکورہ علاقے میں کیے جانے والے مسلسل آپریشنز کے بعد یہ دہشت گردی کا پہلا واقع ہے۔

(جاری ہے)

فہرست میں شامل بیشتر مشتبہ افراد کو گرفتار یا ہلاک کیا جاچکا ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے قطیف کے کھیتوں سے پولیس افسر پر کی جانے والی فائرنگ سے دو ہندوستانی اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا تھا۔ اس سے قبل رواں سال اکتوبر میں دمام کے خیلیجی ساحل کے علاقے اعوامیہ میں اس فائرنگ کا آغاز ہوا تھا، جب اس علاقے کو پولیس کی بکتر بند گاڑیوں نے سرچ آپریشن سے قبل سیل کردیا تھا۔

اس وقت وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ کھیتوں میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس کو بھاری تعداد میں ہتھیار ملے ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران سعودی عرب میں داعش نے متعدد خود کش بم دھماکوں اور دیگر فائرنگ کے واقعات میں ایک خاص مکتبہ فکر کو نشانہ بنایا ہے۔ گذشتہ ماہ عشورہ کے موقع پر فائرنگ کے واقع میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ رواں سال جون میں دمام کی امام بارگاہ میں ہونے والے بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سے کچھ روز قبل ایک اور امام بارگاہ میں بم دھماکے کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔