بنگلور : اے بی ڈیویلیئرز کا 100 واں ٹیسٹ بارش کی نذر ہوگیا

جمعرات 19 نومبر 2015 16:36

بنگلور : اے بی ڈیویلیئرز کا 100 واں ٹیسٹ بارش کی نذر ہوگیا

بنگلور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 19نومبر- 2015ء) بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان بنگلور میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چار دن بارش کی نذر ہو گئے اور اسے پانچویں دن بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا ۔ بھارت کی کرکٹ تاریخ میں شاید یہ پہلا موقع تھا جب کوئی ٹیسٹ میچ چار دن بارش کی نذر رہا اور اسے بالآخر بے نتیجہ قرار دیا گیا۔ یہ بھارت میں کھیلا گیا دوسرا مختصر ترین ٹیسٹ میچ ثابت ہوا جس میں صرف 81 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا جب کہ تاریخ کا نواں مختصر ترین میچ ہے۔

بھارت کو تین میچوں کی اس سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ تیسرا میچ 25 نومبر سے ناگپور میں کھیلا جانا ہے۔ جنوبی افریقہ کے کپتان ہاشم آملہ نے ٹیسٹ میچ کے چار دن بارش کی نذر ہوجانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس میچ کی یہی اہمیت ہے کہ یہ اے بی ڈیویلیئرز کا 100واں میچ تھا اور انھوں نے اس میں 80 سے زیادہ رنز بنائے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بنگلور میں صرف پہلے دن کا کھیل ہو سکا جس میں پروٹیز نے واحد اننگز میں 214 رنز بنائے۔

جواب میں بھارت نے اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 80 رنز بنائے لیکن پھر کوئی کھیل نہ ہو سکا ۔ دریں اثنا بھارت نے سیریز کے باقی دو ٹیسٹ میچز کیلیے موجودہ سکواڈ میں کوئی بھی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔17 رکنی سکواڈ میں سے فاسٹ بولرز امیش یادیو، بھونیشور کمار اور آل رائونڈر گرکریت سنگھ کو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ رانجی ٹرافی میں متعلقہ ٹیموں کی نمائندگی کیلیے ریلیز کردیا گیا ہے ۔ سکواڈ میں برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی ( کپتان )، شیکھر دھون، مرلی وجے، چتیشور پجارا، اجنکیا رہانے، روہت شرما، ردھیمان ساہا، روی چندرن ایشون، رویندرا جدیجا، امیت مشرا، ورون ارون، اشانت شرما، کے ایل راہول اور سٹورٹ بنی ۔

متعلقہ عنوان :