پنک گیند سے کرکٹ میں نیا انقلاب برپا ہونے والا ہے ‘ ظہیر عباس

پیر 23 نومبر 2015 12:49

پنک گیند سے کرکٹ میں نیا انقلاب برپا ہونے والا ہے ‘ ظہیر عباس

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس نے کہاہے کہ پنک گیند سے کرکٹ میں نیا انقلاب برپا ہونے والا ہے۔اپنے کالم میں ظہیر عباس نے کہاکہ میں تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی جانب قدم بڑھانے پر آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، پنک گیند کے ساتھ کافی تجربے ہوچکے اور اب اس سے نئے دور کا آغاز ہونے والا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ گلابی بال کے حوالے سے کرکٹرز کے خدشات بھی بلاجواز نہیں، ہم بھی1977 میں سفید گیند کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کے خیال پر ایسے ہی شش و پنج کا شکار تھے تاہم اب اس کے بغیر ایک روزہ کرکٹ کا تصور ہی محال ہے۔ظہیر عباس نے کہا کہ اگر ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کا تجربہ کامیاب بھی ہوجاتا ہے تو پھر بھی تمام پانچ روزہ مقابلے مصنوعی روشنیوں میں نہیں کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ میں دن کو ہی بے تحاشا کراوٴڈ موجود ہوتا ہے، باکسنگ ڈے اور نیو ایئر کے مواقعوں پر بھی نائٹ ٹیسٹ نہیں ہوسکتے، بعض ممالک میں کنڈیشنز مانع ہوسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں نائٹ ٹیسٹ میچز کا انعقاد سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :