وقار یونس ہارون رشید کی تنقید پر ناراض ، شہریار خان سے شکایت کرینگے

پیر 23 نومبر 2015 15:46

وقار یونس ہارون رشید کی تنقید پر ناراض ، شہریار خان سے شکایت کرینگے

دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 23نومبر- 2015ء) پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ اور چیف سلیکٹر ہارون رشید کے درمیان اختلافات کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریزکے دوران لیگ سپنر اسامہ میر کو ٹیم میں شامل نہ کرنے اور ون ڈے اسکواڈ میں یونس خان کی حیران کن شمولیت پر ٹیم انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کی سمت مختلف تھی۔ اب ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد ہارون رشید کے تازہ بیان وقار یونس ناراض ہیں اور انہوں نے چیف سلیکٹر کے بیانات پر چیئر مین شہریار خان سے شکایت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہارون رشید کا کہنا ہے کہ میں نے کپتان اور کوچ کے بارے میں کچھ نہیں کہا، میڈیا نے میرے بیان کو سیاق و سباق سے ھٹ کی شائع کیا ہے ۔ میری رائے یہ ہے کہ اگر ہم خراب فیلڈنگ نہ کرتے تو دونوں میچ جیت سکتے تھے ۔ پاکستانی بیٹسمین پورے پچاس اوورز بھی نہیں کھیل سکے ۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق ہارون رشیدنے کہا تھاکہ سلیکٹرز کا کام15یا 16کھلاڑیوں پرمشتمل سکواڈ تشکیل دینا ہوتا ہے، ان کا بہترین استعمال ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے۔

ٹیم میں بہت زیادہ تبدیلیوں اور اکھاڑ پچھاڑ سے پلیئرز کا اعتماد اور پرفارمنس متاثر ہوئی، سلیکشن میں استحکام کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہارون رشید نے کہا کہ ہر سیریز کے بعد ٹیم کی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم ہوتا ہے اور اس بار بھی ہوگا ۔ انھوں نے مزید کہا کہ انگلینڈ نے پہلا ون ڈے ہارنے کے باوجود اپنی الیون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جب کہ ہم نے ہر میچ میں تبدیلی کی ۔