ایف آئی اے کی ملک بھر میں انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری

پیر 23 نومبر 2015 16:30

ایف آئی اے کی ملک بھر میں انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی ہدایت پر ایف آئی اے کی ملک بھر میں انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے‘ کراچی کے علاقے صدر میں کارروائی کے دوران ٹاپ ٹوئنٹی میں شامل اہم انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ایف آئی اے حکام نے کراچی کے علاقے صدر میں کارروائی کرتے ہوئے اہم انسانی سمگلر کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزم ایف آئی اے کی لسٹ میں ٹاپ 20 انسانی سمگلرز میں شامل ہے جس کے خلاف سمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ ایف آئی اے کے مطابق گرفتار انسانی سمگلر کے قبضے سے متعدد پاسپورٹ برآمد کرلئے گئے ہیں اور اس کے باقی ساتھیوں کا پتہ چلانے کیلئے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ انسانی سمگلرز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کے دوران متعدد انسانی سمگلرز گرفتار کئے جا چکے ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ انسانی سمگلرز کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔