عامر خان کیس، 5ملزمان کے دوسری مرتبہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، ملزمان کو 30نومبر تک پیش کرنے کا حکم

پیر 23 نومبر 2015 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء ) کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عامر خان کیس میں پانچ ملزمان کے دوسری مرتبہناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے‘ ملزمان کو 30نومبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا گیا۔ پیر کو کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں نائن زیرو پر رینجرز کے آپریشن کے دوران متحدہ کے گرفتار کئے گئے رہنما عامر خان کے کیس کی سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران عدالت نے دیگر پانچ مفرور ملزمان رئیس مما، منہاج قاضی ، نعیم ، شہزاد ، عمران ایاز نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ۔ واضح رہے کہ ان ملزمان کے اس سے قبل بھی وارنٹ گرفتار جاری کیے گئے تھے تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا جاسکا تھا۔ عدالت نے ملزمان کو گرفتار کرکے 30نومبر تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے عامر خان کیس کی مزید سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے ان ملزمان پرمتحدہ کے مرکز پر 30سے زائد دہشت گردوں کو پناہ دینے کا اور دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور جرائم کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

متعلقہ عنوان :