بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک و پھانسیوں پر اقوام عالم کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے،قادر خان یوسفزئی

پیر 23 نومبر 2015 17:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) پختون رابطہ کونسل(پاکستان) کے چیئرمین قادر خان یوسف زئی نے جرگہ ہاؤس کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں پاکستان سے محبت کرنے والوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک و پھانسیوں پر اقوام عالم کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے۔قادر خان یوسف زئی نے مزید کہا کہ بھارت متعدد بار اقرار کرچکا ہے کہ پاکستان توڑنے میں اس کا شر انگیز کردار تھا لہذا بھارت اور بنگلہ دیش میں پاکستان مخالف عناصر کو عالمی مجرم قرار دیا جائے اور محب الوطن پاکستانیوں کے خلاف مسلسل کاروائیاں انتہائی افسوس ناک او رحکومت کی کمزوری ہے۔

بنگلہ دیش پاکستان کی نظریاتی اساس دو قومی نظریئے کی بنیاد پر وجود میں آیا تھا قائد اعظم محمدعلی جناح نے مشرقی پاکستان و مغربی پاکستان لسانیت کے نام پر نہیں بنایا تھا ، بنگلہ دیش کا بننا پاکستان اور قائد اعظم سے غداری ہے ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بنگلہ دیش کو تسلیم کرنے والوں اور ’ ادھر تم ادھر ہم ‘ کے نعرہ تقسیم کرنے والوں اور مشرقی پاکستان جانے پر ٹانگیں توڑنے والوں کو غدار پاکستان قرار دیکر عبرت ناک سزائیں دینی چاہیے تھی ، پاکستان کو متحد رکھنے کی کوشش کرنے والوں نے چاہیے اس کا تعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے ہو اس وقت بھی پاکستان کیلئے جان و مال کی قربانی پیش کی اور بھارتی ، بنگالی ظلم سہے اور آج بھی بھارت کے قدموں میں بنگلہ دیش محب الوطن پاکستانیوں کی جان کی قربانیاں دے رہا ہے ۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش کی بنیاد بھارتی سازش کی تحت رکھی گئی ہے ، آج بھی پاکستان کے غیور مسلمان دو قومی نظریئے پر یقین رکھنے والے بنگلہ دیش کی لسانی اساس کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہیں اور بنگلہ دیش کوآج بھی دو قومی نظریئے کے تحت ملنے والی آزادی کی توہین پر شدید مذمت کرتے ہیں۔قادرخان یوسف زئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عالمی سفارتی تعلقات بروئے کار لائے اور بنگلہ دیش کو اس مذموم کاروائی سے روکنے کیلئے کسی بھی حد تک جائے۔

دو قومی نظریہ آج بھی زندہ ہے ایسے دریائے بنگال میں برد کرنے والے خود نابود ہوگئے لیکن بنگلہ دیش میں شہیدوں کی داستان دو قومی نظریہ کی گواہی دے رہی ہے اور شہداء محب پاکستان کی خون سے لکھی جانے والی تاریخ ہمیشہ کیلئے امر ہوچکی ہے جیسے بھارت نواز اور ان کے حواری کبھی نہیں مٹا سکتے۔

متعلقہ عنوان :