آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس ،محکمہ پولیس کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی

اندرون سندھ اور کراچی میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی،998ڈاکوہلاک 16583گرفتار ہوئے،پولیس رپورٹ

پیر 23 نومبر 2015 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 نومبر۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت اجلاس میں محکمے کی جانب سے کارکردگی رپورٹ پیش کردی گئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں کراچی سے نوگوایریاز کو ختم کردیا گیاہے۔اس دوران کالعدم تنظیموں کے 300سے زائد دہشت گردوں کا خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ اندرون سندھ اور کراچی میں اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔

۔تفصیلات کے مطابق پیر کو آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت محکمہ پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں امن و امان کی صورت حال پر غور کیا گیا ۔اجلاس میں بتا یا گیا بہترین حکمت عملی اور بروقت فیصلوں کی بدولت نہ صرف امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے بلکہ تمام نوعیت کے جرائم میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل جرائم کی وارداتیں روز بروز بڑھتی جارہی تھیں اور صوبے بھر میں جرائم پیشہ عناصر آزادانہ وارداتوں میں مصروف تھے۔

رپورٹ کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں معمول بن گئی تھیں جبکہ کراچی میں روزانہ 7 تا8 افراد قتل ہورہے تھے۔رپورٹ میں مذید بتایا گیا کہ امن وامان کی صورتحال میں بہتری کا آغاز سندھ پولیس کے موجودہ کمانڈر کے بروقت فیصلوں اور حالات کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے کراچی آپریشن کو انتہائی ٹھوس، مربوط اور بلا امتیاز کرنے سے ہوا۔

اغوا برائے تاوان کے جرائم تقریبا ختم ہوگئے ہیں جبکہ کراچی میں روزانہ قتل کی وارداتیں بھی اوسطاً دو افراد تک ہوگئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گردوں کے تقریبا تمام بڑے گروپس کے خلاف کارروائیوں کی بدولت صرف ایک سال کے دورانئے میں 300 خطرناک دہشت گردوں کا خاتمہ ہوا۔ نو گو ایریاز اور جرائم پیشہ عناصر کی پناہ گاہوں کو ختم کرتے ہوئے بم بنانیوالی دس فیکٹریوں کو تباہ کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 6 جولائی2014 سے ابتک998 ڈاکوہلاک 16583گرفتار ہوئے۔287 دہشت گرد ہلاک 87 گرفتار ہوئے۔ 7 ٹارگٹ کلر ہلاک اور 41 گرفتار ہوئے۔96 اغوا کار ہلاک اور 60 گرفتار ہوئے۔6 بھتہ خور ہلاک اور 328 گرفتار ہوئے۔رپورٹ کے مطابق مذکورہ دورانئے میں 5073 پولیس مقابلوں کے دوران جرائم پیشہ افراد کے 1715 گروہوں کا خاتمہ ہوا جبکہ جرائم کی وارداتوں میں مصروف 3710 ملزمان کو موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار بھی کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مذکورہ دورانیئے میں پولیس آپریشنز کے نتیجے میں جرائم پیشہ ودہشت گرد عناصر سے 633کلو گرام دھماکہ خیز مواد، 64 خود کش جیکٹس ، 5عدد آئی ای ڈیز ، 917 بم /ہینڈ گرنیڈز ، 54 راکٹس/راکٹ لانچرز ، 95 ڈیٹو نیٹرز / فیوزز ، 19 ایل ایم جیز ، 13 جی تھری رائفلز ، 7 عدد ایم پی فائیو ، 599 ایس ایم جیز / کلاشنکوف ، 1508 شاٹ گنز / ریپیٹرز ،447 رائفلیں اور 13295 پستول / ریوالورز /ماؤذرز برآمد ہوئیں ۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں ہونیوالی مختلف تقاریب فیسٹول اور ایونٹس وغیرہ کے غیر معمولی سیکیورٹی اقدامات کے باعث عید پر 80 بلین روپے تک کی ریکارڈ اور تاریخی خریدو فروخت کی گئی ۔آئی جی سندھ نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مذید ہدایات دیں کہ پولیس ایکشن کے نتائج کو برقرار رکھنے کے لئے ٹارگٹیٹڈ آپریشنز کے تسلسل کو جاری رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :