معروف شاعر،نقاداور کالم نگار جمیل الدین عالی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ، نمازجنازہ(کل ) ادا کی جائیگی

عالی کے انتقال سے علمی وادبی دنیا میں بڑا خلاپید ہوگیا ہے، صدر ،وزیراعظم ، وفاقی وزیر اطلاعات ، ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور دیگر کا اظہار افسوس

پیر 23 نومبر 2015 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23 نومبر۔2015ء) اردو کے معروف شاعر،نقاداور کالم نگار جمیل الدین عالی حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔وہ گزشتہ کئی ماہ سے علیل تھے، ان کی نمازجنازہ( کل ) منگل کوڈیفنس میں بعد از نمازعصر ادا کی جائیگی ، صدرمملکت ممنون حسین ،وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزر شید، وزیر اعلیٰ اور گورنر پنجاب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عرفا ن صدیقی اور دیگر نے ان کے انتقا ل کو علمی وادبی دنیا میں بڑا خلا قرار دیتے ہوئے افسوس کا اظہار کیاہے ۔

پیر کو معروف و مشہور ادیب اور شاعر جمیل الدین عالی انتقال کرگئے،وہ کئی ماہ سے علیل تھے تاہم ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا۔ جمیل الدین عالی کا شمار اردو ادب کے نامور نقادوں میں ہوتاتھا۔

(جاری ہے)

جمیل الدین عالی کئی ملی نغموں کے خالق تھے اور نامور گلوکار انکے نغمے گایا کرتے تھے۔صدرمملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے جمیل الدین عالی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔

صدر مملکت نے کہاکہ جمیل الدین عالی نے اردو کے لئے گراں قدرخدمات انجام دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جمیل الدین کے انتقال سے بہت بڑا خلا پید اہواہے ۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاکہ جمیل الدین عالی کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلاء کبھی پُر نہیں ہوسکے گا۔ ۔وزیراعلی پنجاب شہبازشریف ،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی اور دیگر نے جمیل الدین عالی کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

عرفان صدیقی نے کہ کہ جمیل الدین عالی ہماری علمی اور ادبی تاریخ کا سرمایہ تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویزر شید نے کہاکہ عالی کے انتقال سے علمی وادبی دنیا میں بڑا خلاء پیدا ہوگیا ہے ۔سندھ کی اعلی سیاسی قیادت اور ادیبوں نے بھی معروف شاعر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ جبکہ جمیل الدین عالی کے صاحبزادے نے کہا کہ نمازجنازہ آج بروز منگل ڈیفینس میں بعد از نمازعصر ادا کی جائیگی