بادامی باغ لاہور میں کولڈ سٹوریج سے گیس لیک ،83افراد بے ہوش،4کی حالت تشویشناک

منگل 24 نومبر 2015 12:09

بادامی باغ لاہور میں کولڈ سٹوریج سے گیس لیک ،83افراد بے ہوش،4کی حالت ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) لاہور کے علاقے بادامی باغ میں کولڈ سٹوریج سے گیس لیکج کی وجہ سے 83 افراد بے ہوش ہو گئے، 4افراد کی حالت خطرناک ہے ،علاقہ مکین محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے کولڈ سٹوریج کا مالک فرار ہو گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے واقعہ کا نوٹس لیکر تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق بادامی باغ سبزی منڈی کے قریب کولڈ سٹوریج میں پائپ پھٹنے سے امونیا گیس کے اخراج کے باعث اسٹوریج کے ملازمین بے ہوش ہو گئے۔

امونیا گیس پھیلنے سے مقامی رہائشیوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا رہا۔ریسکیو اہلکاروں نے متاثرہ افراد کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ 35 افراد کو میو ہسپتال ، 45 کو نوازشریف ہسپتال یکی گیٹ جبکہ 3 کو گنگارام اسپتال منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کے مشیرصحت خواجہ سلمان کے مطابق چار افراد انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں۔مقامی رہائشیوں کے مطابق کولڈ سٹوریج کے باعث علاقے میں رہنا مشکل ہو گیا ہے۔

کچھ عرصہ قبل بھی امونیا گیس کی لیکیج ہوئی تھی، احتجاج کے باوجود انتظامیہ نوٹس نہیں لے رہی۔اڑھائی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد کولڈ سٹوریج کی پھٹنے والے پائپ لائن کی مرمت مکمل کر کے گیس کا اخراج روک دیا گیا۔ کولڈاسٹوریج کا مالک صلاح الدین فرار ہو گیا جبکہ فیکٹری کو سیل کر دیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور واقعہ کی جامع رپورٹ متعلقہ حکام سے طلب کرلی ہے ۔

متعلقہ عنوان :