ٹیسٹ میچ دلچسپی بڑھانے کے لیے 4 روزہ ہونا چاہیے ، مارک ٹیلر

منگل 24 نومبر 2015 19:04

ٹیسٹ میچ دلچسپی بڑھانے کے لیے 4 روزہ ہونا چاہیے ، مارک ٹیلر

سڈنی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔24 نومبر۔2015ء) آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مارک ٹیلر کرکٹ کی تاریخ کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے انعقاد کے بعد میچ کو چار روزتک محدود کرنے کے خواہش مند ہیں۔ مارک ٹیلر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان رواں ہفتے ہونے والا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا انعقاد ٹیسٹ کرکٹ کی تجدید کا نقطہ آغاز ہونا چاہیے اور کھیل کو نئی نسل کے لیے دلچسپ بنانے کے لیے چار دن تک محدود کرنا چاہیے۔

ٹیلر کا کہنا تھا کہ "دیکھنا ہوگا کہ کرکٹ کس طرف جارہی ہے، نئی نسل عام طور پر زیادہ سے زیادہ تفریح چاہتی ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کی دلچسپی پانچ روز تک برقرار رکھنا آسان نہیں ہے "۔ان کا کہنا تھا کہ "اگرٹیسٹ کرکٹ میں بہترین چار دن ہوں اور یہ اتوار کو ختم ہو تو میچ کے آخری روز زیادہ تماشائیوں کی آمد کے امکانات ہوں گے"۔

(جاری ہے)

ٹیلر نے کہا کہ"کچھ عرصہ قبل کسی نے مجھ سے کہا کہ ہم لوگوں کے ٹیسٹ کرکٹ کے بجائے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی جانب رغبت پر حیران کیوں ہوتے ہیں جب ہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کو اسکول اور چھٹی کے دن اور ایک رات میں کھیل سکتے ہیں جبکہ ٹیسٹ کرکٹ اسکول سے باہر ہے"۔

ان کا کہنا ہے کہ "میں نے اس بات کو آئی سی سی کی سطح پراٹھایا اوراس پر سنجیدگی سے نظرڈالنے کی ضرورت ہے اور اس پر ہم مل کرنئے منصوبے بنارہے ہیں"۔دوسری جانب آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے ایک اور سابق کپتان گریگ چیپل نے مارک ٹیلر کے منصوبے کی توثیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'میں روایتی آدمی ہوں لیکن میں چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ میچ سے خوفزدہ نہیں'۔آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ڈے اینڈ نائٹ میچ 27 نومبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا جس میں گلابی رنگ کی گیند استعما ل کی جائے گی۔