پی سی بی نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے دبئی میں ہونیوالے مذاکرات بارے وزیراعظم کو خط لکھ دیا

حتمی فیصلہ ہونے سے قبل ہی بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کے منافع میں سے حصہ مانگ لیا ،پی سی بی نے صاف انکار کر دیا

منگل 24 نومبر 2015 19:50

پی سی بی نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے دبئی میں ہونیوالے مذاکرات بارے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے دبئی میں جائلز کلارک کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات بارے وزیراعظم محمد نواز شریف کو خط لکھ کر آگاہ کرنے سمیت رہنمائی مانگ لی ،دوسری طرف بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان سے سیریز کے منافع میں سے حصہ مانگ لیا تاہم پی سی بی نے صاف انکار کر دیا ۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے پاک بھارت سیریز کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ دیا ہے جس میں انہیں دبئی میں انگلش کرکٹ بورڈ کے جائلز کلارک کی ثالثی میں پاکستان اور بھارت کے کرکٹ بورڈز کے سربراہوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات بارے تفصیلی آگاہ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا کہ سری لنکا میں سیریز کھیلنے کا خرچ متحدہ عرب امارات سے کم ہے۔

خط میں پی سی بی کے پیٹرن چیف و وزیر اعظم سے آئندہ کے حوالے سے رہنمائی طلب کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے بورڈ کو خط کا جواب آج تک موصول ہونے کا امکان ہے ۔ دوسری جانب سیریز کھیلنے کا ابھی فیصلہ ہوا نہیں لیکن بھارت نے نئی شرائط عائد کر دی ہیں۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی ہوم سیریز میں سے آمدن کا حصہ مانگ لیا۔ جبکہ اس سے پہلے سیریز کا میزبان سری لنکن کرکٹ بورڈ بھی منافع میں سے حصہ دینے کا تقاضا کر چکا ہے۔

پی سی بی کی طرف سے موقف سامنے آیا ہے کہ ہوم سیریز کے منافع سے کسی بھی طرح کا حصہ نہیں دیا جائے گا ۔ 27فیصلہ نومبر کو بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا اورخدشہ یہ ہے کہ بی سی سی آئی یہ کہہ کر سیریز کا معاملہ ہی ختم کردے کہ حکومت نے سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔ایک اور ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سری لنکا میں سیریز ہونے کی صورت میں پاکستان کا سکیورٹی وفد پیشگی دورہ کر کے میچز کے مقامات اور وہاں پر سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لے کر پاکستانی حکومت کو اپنی رپورٹ دے گا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ثالث کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک سیریز کا با ضابطہ اعلان 27نومبر کو کریں گے۔ واضح رہے پاک بھارت سیریز کے ثالث جائلز کلارک نے پی سی بی اور بی سی سی آئی حکام کو گزشتہ روز 4 دن کا وقت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی حکومتوں سے اجازت لے کر آگاہ کریں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان تین ون ڈے اور دو ٹی ٹونٹی میچز کولمبو اور پالے کیلے کے نیوٹرل وینیوز پر کھیلے جانے کا امکان ہے۔