کراچی اسٹاک ایکس چینج میں مندی ،سرمایہ کاری مالیت میں50رب94کروڑ روپے سے زائد کی کمی

مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس161.32پوائنٹس کمی سے 33571.59پوائنٹس پر بند ہوا

منگل 24 نومبر 2015 20:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو بھی مندی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس 33700اور 33600کی نفسیاتی حدوں سے بیک وقت گرگیا ۔سرمایہ کاری مالیت میں50رب94کروڑ روپے سے زائد کی کمی ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت9.72 فیصدزائد جبکہ66.57فیصدحصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ۔

حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ،پٹرولیم، توانائی سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ۔ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 33872پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا اور تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔

(جاری ہے)

ماہرین اسٹاک کے مطابق خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود برقرار رکھے جانے پر تحفظات جیسے عوامل کے باعث سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظر آئے اور انہوں نے اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے باعث مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس161.32پوائنٹس کمی سے 33571.59پوائنٹس پر بند ہوا ۔

مجموعی طور پر377کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ،جن میں سے 99کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ،251کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ27کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا ۔سرمایہ کاری مالیت میں50ارب،94کروڑ43لاکھ 86ہزار460روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 71کھرب11ارب97کروڑ54لاکھ 65ہزار896روپے ہوگئی۔ منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 15کروڑ77لاکھ42ہزار 680شیئرز رہیں جوپیر کے مقابلے میں1کروڑ39لاکھ79ہزار670 شیئرززائد ہیں ،قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے فیروز سنز کے حصص سرفہرست رہے ،جس کے حصص کی قیمت19.47 روپے اضافے سے946.35روپے اورگندھارا انڈسٹریز کے حصص کی قیمت19.14روپے اضافے سے402.02روپے ہوگئی ۔

نمایاں کمی نیسلے پاک کے حصص میں ریکارڈ کی گئی ،جس کے حصص کی قیمت350.00روپے کمی سے8650.00جبکہ ہینو پاک موٹرز کے حصص کی قیمت63.26روپے کمی سے1202.05روپے ہوگئی ۔منگل کوکے الیکٹرک کی سرگرمیاں1کروڑ81لاکھ55ہزار شیئرز کے ساتھ سرفہرست رہیں ،جس کے شیئرز کی قیمت11پیسے کمی سے7.50روپے جبکہ ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کی سرگرمیاں1کروڑ62لاکھ94ہزار500 شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں ،جس کے شیرز کی قیمت12پیسے اضافے سے38.83روپے ہوگئی ۔ کے ایس ای 30انڈیکس65.07پوائنٹس کمی سے 19862.58پوائنٹس ،کے ایم آئی 30انڈیکس160.45پوائنٹس کمی سے 55809.39جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس169.04پوائنٹس کمی سے 23488.07پر بند ہوا ۔

متعلقہ عنوان :