رینجرز پر حملے میں ملوث 3 دہشتگردوں کے خاکے جاری کردیئے

کراچی انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے رحیم یار خان میں کارروائی کر کے پی آئی بی کالونی میں خاتون کو قتل کرنے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا

منگل 24 نومبر 2015 23:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء)بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں مسجدابوہریرہ کی حفاظت پرتعینات شہیدہونے والے رینجرزاہلکاروں پر حملے میں ملوث3 دہشتگردوں کے خاکے جاری کردیئے گئے ہیں۔دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس نے رحیم یار خان اور کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کر کے 5 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں رینجرز پر حملے میں ملوث 3 دہشتگردوں کے خاکے جاری کر دئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک حملہ آور کے بڑے بال تھے، جبکہ دوسرے دہشتگرد کے بال چھوٹے اور ہلکی مونچھیں تھیں، تیسرے دہشتگرد نے چشمہ پہن رکھا تھا، 20 نومبر کو ان دہشتگردں نے رینجرز کے 4 اہلکاروں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔دوسری جانب کراچی انویسٹی گیشن ایسٹ پولیس نے رحیم یار خان میں کارروائی کر کے پی آئی بی کالونی میں خاتون کو قتل کرنے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ ذوالفقار مہر کے مطابق گرفتار ملزمہ اور ملزم مقتولہ صدف کے گھر پر ملازم تھے۔دوسری کارروائی میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کے ایم سی ارشد حسین کے قتل میں ملوث 2 ملزموں سمیت 3 افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔