مسجد حرام کا مطاف توسیعی منصوبہ آخری مراحل میں داخل

بدھ 25 نومبر 2015 13:54

مسجد حرام کا مطاف توسیعی منصوبہ آخری مراحل میں داخل

مکہ ۔ 25 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے مطاف اور شمالی پلازوں پر جاری توسیعی کام کو 35 ہزار مزدوروں کی مدد سے تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق14ہزار مزدور مطاف کی توسیعی منصوبے جبکہ21ہزار دوسرے خادم الحرمین الشریفین کے توسیعی منصوبہ مسجد حرام اور شمالی پلازوں پر کام کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پلازوں اور مطاف کی توسیع میں مصروف کاریگر ان دنوں منصوبے کے آخری مرحلے میں روشنی، ساوٴنڈ، ائرکنڈیشنگ اور مواصلاتی سسٹم لگانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام کے توسیعی حصے پر مزدور ان دنوں شاہ عبداللہ کے نام سے موسوم دنیا کے سب سے بڑے گنبد کی تعمیر کو بھی تیزی سے مکمل کرنے میں مصروف ہیں۔

(جاری ہے)

منصوبے پر سنگ مرمر اور موزیک سمیت دیگر شعبوں کے ماہر کاریگر کام کر رہے ہیں۔

ماہرین محکمہ موسمیات سال بھر کے مختلف موسمی حالات کا مطالعہ کر رہے ہیں تاکہ مسجد حرام آنے والے نمازیوں اور حاجیوں کی راحت کو یقینی بنایا جا سکے۔ شمالی پلازوں میں وضو کی جگہ اور بیت الخلاء مکمل ہو چکے ہیں اور ان دنوں نمازی اور معتمرین انہیں استعمال کر رہے ہیں۔معتمرین بیرونی پلازوں کے علاوہ، توسیع شدہ مطاف کا گراوٴنڈ فلور، بیسمنٹ، پہلی اور دوسری منزل اور حرم کی چھت عبادت کے لئے استعمال کر رہے ہیں۔توسیع کا کام مکمل ہونے کے بعد، ذرائع کے بقول، چاروں اطراف سے مسجد حرام تک آنے کے لئے فلائی اوورز کی تعمیر شروع کی جائے گی۔