انتخابات 2018 ‘اوورسیز ووٹ نہیں دے سکیں گے ‘ الیکشن کمیشن

بدھ 25 نومبر 2015 13:56

انتخابات 2018 ‘اوورسیز ووٹ نہیں دے سکیں گے ‘ الیکشن کمیشن

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 نومبر۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ 2018 کے عام انتخابات کیلئے ووٹرز کی بائیومیٹرک تصدیق ‘الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ووٹ دینے کی سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے پارلیمانی کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اِن کیمرہ اجلاس میں نادرا حکام نے الیکشن کے دوران ووٹرز کی آن لائن یا آف لائن تصدیق کی صورت میں متعدد بار اپنے ڈیٹا کی سیکیورٹی کے سوالات اٹھائے ۔ذرائع کے مطابق ای سی پی حکام نے بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ دینے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 4 ممالک میں کی جانے والی فرضی کوششیں متعدد تکنیکی اور قانونی وجوہات کی وجہ سے ناکام ہوچکی ہیں۔

(جاری ہے)

ای سی پی حکام کے مطابق بیرون ملک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 7 ایمبیسیز، ہائی کمیشنز اور سفارت خانوں میں فرضی ووٹنگ کروائی گئی، جس میں صرف غیر ملکی مشنز پر موجود ملازمین کو پوسٹل بیلٹ اور ٹیلیفون ووٹنگ کے ذریعے فرضی امیدوار کو ووٹ دینے کیلئے کہا گیا تھا تاہم ذرائع نے بتایا کہ ٹیلی فون کے ذریعے سے ایک بھی ووٹ نہیں ڈالا گیا ‘ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے دیئے جانے والے ووٹ ای سی پی کے اسلام آباد میں قائم دفتر کو 6 سے 14 روز کی تاخیر سے موصول ہوئے۔

فرضی پولنگ سعودی عرب کے شہر ریاض کی پاکستانی ایمبیسی ‘برطانیہ میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن ‘عرب امارت کے شہر دبئی ‘امریکی شہر نیویارک ‘برطانیہ کے شہر مانچسٹر ‘ بیک فورڈ اور گلاسکو میں موجود پاکستانی سفارت خانے میں کروائے گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :