اسلحے کا آزادانہ استعمال کراچی آپریشن اورانتخابی ضابطہء اخلاق پر سوالیہ نشان ہے، السیدعقیل انجم

بدھ 25 نومبر 2015 17:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 نومبر۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ السیدعقیل انجم قادری نے کہاہے کہ جے یوپی کے امیدواربرائے چیئرمین یوسی۔25کورنگی عبدالعزیزمیٴوکی انتخابی ریلی پر متحدہ دہشتگردوں کی فائرنگ ان کی بوکھلاہٹ کا ثبوت اوراسلحے کا آزادانہ استعمال کراچی آپریشن اور انتخابی ضابطہء اخلاق پر سوالیہ نشان ہے، حملہ آوروں کو فوری گرفتارکرکے سزادی جائے۔

یہ باتیں انہوں نے جے یوپی امیدوارکی ریلی پر فائرنگ کے بعد کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہیں ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگرددیکھ لیں ہمارے حوصلے پست نہیں ہیں ، ظلم کے نظام کے خلاف میدان عمل میں ہیں اس کو ختم کرکے دم لیں گے اورہر صورت میں نظام مصطفےٰ ﷺ کو نافذکریں گے،ہمارامقصد اقتدارکا حصول باالکل نہیں ہے ،ظلم اور جبر کے خلاف آوازحق بلند کرتے رہے ہیں اور آخردم تک کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ہماری ریلیوں اور جلسے جلوسوں سے باطل کے ایوانوں میں لرزہ طاری ہوچکاہے،نظام مصطفےٰ ﷺ والے میدان میں آچکے ہیں اب ظالموں کی خیرنہیں، قوم ظلم وجبر کی زنجیروں کو توڑکر آئے اور 5دسمبر کو جے یوپی کے امیدواروں کو کامیاب کرنے کے لئے چابی کے نشان پر مہر لگائے۔انہوں نے کہاکہ چابی کا نشان امن واخوت کا پیغام بن چکاہے، امام الشاہ احمدنورانی کے متوالے نورانی چابی سے قوم کے حقوق پر لگے جبر کے تالے کو کھول دیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کی نشست کے امیدوارعبدالعزیزمیٴونے کہاکہ دہشتگردی،گالی اورگولی اور دھونس ودھمکی سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے، کراچی کے عوام جاگ چکے ہیں ،اپناحق حاصل کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں کا مقصد دھونس دھمکی اور غنڈہ گردی کے ذریعے اپنے راستے سے ہٹانا ہے لیکن وہ جان لیں ہم امام نورانی کے متوالے ہیں میدان خالی ہرگزنہیں چھوڑیں گے۔