المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کا اندرون سند ھ ہسپتالوں کی حالت زارپر تشویش کا اظہار

بدھ 25 نومبر 2015 23:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 نومبر۔2015ء)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے چیئر مین حاجی محمد حنیف طیب ،صدرڈاکٹر عبد الرحیم،جنرل سیکریٹری عبد الغنی سلیمان نے اندون سند ھ میں ہسپتالوں کی حالت زارپر تشویش کا اظہارکیا،انہوں نے مشترکہ بیان میں کہاکہ اربوں روپے کے وسائل اور بجٹ کی فراہمی کے باوجو د ہسپتالوں کی کارکردگی ،غیر تسلی بخش ہے،جس کی وجہ سے ہیپاٹائیٹس،ایڈز،جیسے امراض میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

انتظامیہ کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے سندھ کے عوام کو جو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے ،وہ انتہائی ناقص ہے،انہوں نے کہاکہ وزارت صحت اور جملہ افسران ہسپتالوں کوبہتر بنانے کیلئے انتھک محنت نہیں کریں گے تو عوام کو بہتر طبی سہولتیں میسر آنانہ ممکن ہے۔

(جاری ہے)

یہ بھی تحقیق کرنے کی ضرورت ہے کہ ہسپتالوں کا عملہ باقاعدہ وقت پر ڈیوٹی کیلئے حاضر ہوتاہے یا نہیں۔

ہسپتالوں میں ادویات کی خوردبردکئے جانے کی شکایت بھی سننے میں آتی ہے اور بعض ہسپتالوں میں قیمتی طبی آلات استعمال نہ ہونے کی وجہ سے زنگ آلود ہورہی ہے ،جن کا کوئی پرُسانے حال نہیں ۔انہوں نے گورنر وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ محکمہ صحت کے اربوں روپے کے فنڈ کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے ہسپتالوں کی کارکردگی پر سرکاری اور عوامی سطح پر نظر رکھی جائے اور عوام کی شکایت کا بروقت ازالہ کرکے اس افسوسناک صورتحال کا تدارک کیا جائے۔